0
Wednesday 19 Jan 2022 19:44

معاشرے سے برائی کا خاتمہ ریاست کی ذمہ داری ہے، ڈاکٹر راغب نعیمی

معاشرے سے برائی کا خاتمہ ریاست کی ذمہ داری ہے، ڈاکٹر راغب نعیمی
اسلام ٹائمز۔ دارالعلوم جامعہ نعیمیہ لاہور کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ معاشرے سے برائی کا خاتمہ ریاست کی ذمہ داری ہے، اسلام کسی عام شہری کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیتا، آئمہ کرام مساجد میں منبر و محراب پر بیٹھ کر بچوں اور نوجوانوں کے ذہنوں تک اسلام کے حقیقی پیغام کو پہنچائیں، جن برائیوں کی روک تھام کرنا حکومت اور اداروں کا کام ہے، اُن کیلئے آواز بلند کرنا، عوام کو آگاہ کرنا علماء کی ذمہ داری ہے، کیونکہ ہاتھ سے روکنے کی طاقت اور اختیار علماء کے پاس نہیں، ہر ایک اپنی ذمہ داری کا جوابدہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈاکٹر سرفراز نعیمی شہید ریسرچ انسی ٹیوٹ سے گریجوایشن کے طلبہ کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں درس مشکوة شریف دیتے ہوئے کیا۔

تقریب میں معروف ماہر تعلیم پروفیسر عبدالستار شاکر، مفتی سلطان احمد، مولانا احمد رضا سیالوی، مفتی بلال فاروق نعیمی، مولانا محمود انور شاہ، مولانا وقاص احمد، مفتی بلال سلطان، سر محمد انجم، مولانا محمد عامر سلطان، قاری ذوالفقار احمد نعیمی سمیت طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ علامہ راغب نعیمی نے درس مشکوة شریف دیتے ہوئے مزید کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ”تم میں سے ہر ایک نگران ہے اور ہر ایک سے اس کے ماتحت افراد کے بارے میں پوچھا جائے گا"، لہٰذا امام لوگوں کی طرف سے نگران ہے اور اس سے اُن لوگوں کے بارے میں پوچھا جائے گا جو اُس کے ماتحت تھے اور ہر آدمی اپنے گھر والوں کا نگران ہے اور اُس سے اُس کے ماتحت افراد کے بارے میں پوچھا جائے گا اور عورت اپنے خاوند کے گھر اور اس کی اولاد کیلئے نگران ہے اور اُس سے اُن کے بارے میں پوچھا جائے گا اور آدمی کا غلام اپنے آقا کے مال کا نگران ہے اور اُس سے اُس کے بارے میں پوچھا جائے گا۔ معاشرے کی اصلاح کیلئے ہمیں اسلام کے بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق چلنا ہوگا۔ بحیثیت عالم دین ہمیں لوگوں تک دین اسلام کا سچا اور پورا پیغام پوری دیانتداری سے پہنچانا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 974506
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش