0
Saturday 22 Jan 2022 21:00

خواتین کیلئے حضرت فاطمہ زہراؑ کی زندگی بہترین نمونہ ہے، مریم عنایتی

خواتین کیلئے حضرت فاطمہ زہراؑ کی زندگی بہترین نمونہ ہے، مریم عنایتی
اسلام ٹائمز۔ جشن ولادت باسعادت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے خانہ فرہنگ ایران لاہور میں خصوصی کانفرنس کا اہتمام کیا گیا۔ کانفرنس میں مسز ڈپٹی قونصلیٹ جنرل ایران مریم عنایتی، سکینہ مہدوی، نبیرہ عندلیب سمیت مختلف مکاتب فکر کی نمائندہ خواتین نے شرکت کی۔ کانفرنس کا عنوان ’’عصر حاضر میں تعظیم اور فضلیت نسواں کا جائزہ‘‘ رکھا گیا تھا۔ تقریب میں مجلس وحدت مسلمین کی سکینہ مہدوی، جامعہ نعیمیہ سے نبیرہ عندلیب، سیدہ سائرہ جعفری اور نورید فاطمہ نے شرکت کی۔ سجیلہ معظم، طبیہ نقوی، رباب رضوی، سعدیہ موسوی سمیت دیگر خواتین شریک ہوئیں۔

سید عصمت اعتصام، ملیکہ بتول اور سیدہ فہمین فاطمہ نے منقبت پیش کی۔ سیدہ ردا فاطمہ نے تلاوت کلام مجید کی سعادت حاصل کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسز ڈپٹی قونصلیٹ جنرل ایران مریم عنایتی کا کہنا تھا کہ خواتین کیلئے حضرت فاطمہ زہراؑ کی زندگی بہترین نمونہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ  حضرت زہرا(س) کی تعلیمات کا نتیجہ ہے کہ آج اسلامی جمہوری ایران میں خواتین اسلامی حجاب میں رہتے ہوئے ہر میدان اور شعبہ میں مردوں کے شانہ بشانہ ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں اور حتی بین الاقوامی سطح پر بھی بہت سے کارنامے انجام دی چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین سیرت فاطمہؑ اپنا کر اپنی زندگی اور آخرت کامیاب بنا سکتی ہیں، حضرت فاطمہ زہراؑ کی پوری زندگی خواتین کیلئے مشعل راہ ہے، حضرت فاطمہؑ نے بطور بیٹی، بیوی اور ماں ناقابل فراموش کردار ادا کیا، اولاد کی ایسی تربیت کی کہ وہ اسلام کی بقاء کیلئے قربان ہوگئی۔ پروفیسر خالدہ نے کہا کہ بی بی فاطمہ(س) عشق کا مرکز ہیں ان کا مرتبہ اور مقام سب خواتین کیلئے ایک نمونہ ہے۔

ڈاکٹر نورید فاطمہ نے کہا کہ خانہ فرہنگ مبارک کا مستحق ہے جس نے خواتین کیلئے اس پُرنور محفل کا انعقاد کیا۔ سیدہ رباب رضوی نے کہا کہ حضرت فاطمہ (س) نے حجاب اور عفاف کے دائرے میں رہ کر زندگی گزارنے کا درس دیا۔ سیدہ موسوی نے بھی کہا کہ سب مسلمان حضرت فاطمہ(س) کو  اسوہ حسنہ سمجھتے ہیں۔ حضرت فاطمہ (س) اور پیغمبراسلام(ص) ہمارے زندگی میں لازم اور ملزوم ہیں۔ سائرہ جعفری کا کہنا تھا کہ حضرت فاطمہ زہرا(س) کا نور اہلبیت(ع) کی شکل میں پوری دنیا میں پھیلا ہوا ہے۔ ڈاکٹر نبیرہ عندلیب نے کہا کہ اسلام نے خواتین کے تمام حقوق کو پورا کیا ہے۔ دیگر مقررین نے بھی حضرت فاطمہ زہراؑ کی حیات طیبہ پر روشنی ڈالی۔
خبر کا کوڈ : 975068
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش