0
Monday 24 Jan 2022 17:42

گرین لائن کی بسوں پر حملے سندھ حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، بلال غفار

گرین لائن کی بسوں پر حملے سندھ حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، بلال غفار
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کراچی ریجن کے صدر و رکن سندھ اسمبلی بلال احمد غفار نے کہا ہے کہ گرین لائن منصوبے کی بسوں پر حملے سندھ حکومت اور پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت گرین لائن کے کامیاب ترین منصوبے کو تباہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، وزیراعلیٰ سندھ بتائیں کہ کیا گرین لائن بس سروس کی سیکورٹی کے لئے بھی فوج سے مدد لینے کی ضرورت ہے؟ پارٹی سیکریٹریٹ انصاف ہاؤس سے جاری اپنے بیان میں بلال غفار کا مزید کہنا تھا کہ مخالفین کو کراچی کی ترقی ہضم نہیں ہورہی، کراچی کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے والے گرین لائن جیسے بہترین منصوبے کو دیکھ کر بوکھلا گئے ہیں، عوام جانتے ہیں کہ گرین لائن کے بننے میں سب سے زیادہ مخالفت کس نے کی تھی، اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے عوام کے دلوں میں خوف بٹھانے کی سازش کی جارہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں ایک طرف انسان کی جان و مال محفوظ نہیں تو دوسری طرف عوام کی سہولت کے لئے بنائے جانے والے منصوبوں پر حملے کرکے خوف کی فضا قائم کی جارہی ہے، سندھ حکومت شہر میں امن قائم کرنے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے، پولیس کے محکمے کو پیپلز پارٹی نے تباہ کردیا ہے، ہر معاملے میں رینجرز سے مدد طلب کرنا پڑتی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ خود چیمپئن بننے کے بجائے کسی قابل شخص کو صوبے کا وزیر داخلہ لگائیں تاکہ شہر میں امن و امان کی صورتحال پر قابو پایا جاسکے، صوبے کے نا اہل حکمرانوں کو عوام کی پریشانیوں سے کوئی غرض نہیں، یہ صرف کرپشن اور اپنی سیاست چمکانے میں مصروف ہیں۔
خبر کا کوڈ : 975369
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش