0
Monday 12 Sep 2011 05:58

ا یم کیو ایم آزمائش کی اس گھڑی میں متاثرین سیلاب کو ہر گز تنہا نہیں چھوڑے گی، الطاف حسین

ا یم کیو ایم آزمائش کی اس گھڑی میں متاثرین سیلاب کو ہر گز تنہا نہیں چھوڑے گی، الطاف حسین
کراچی:اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے طوفانی بارشوں اور سیلاب کے باعث سندھ بھر میں شدید جانی و مالی نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایم کیو ایم اور خدمت خلق فاؤنڈیشن کے ذمہ داران کو ہدایت کی ہے کہ سندھ بھر میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی بھرپور امداد کریں۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ گزشتہ کئی دنوں سے اندرون سندھ کے مختلف شہر، گاؤں اور دیہاتوں میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے سندھ کے عوام کو شدید جانی و مالی نقصان پہنچا ہے، سیلابی ریلے میں غریب عوام کے گھر بہہ گئے، کھڑی فصلیں تباہ ہوچکی ہیں اور متاثرہ خاندان کھلے آسمان تلے بھوک و افلاس کی زندگی بسر کر رہے ہیں۔ الطاف حسین نے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم، خلق خدا کی بے لوث خدمت پر یقین رکھتی ہے اور عبادت سمجھ کر دکھی انسانیت کی خدمت کر رہی ہے۔ ایم کیو ایم آزمائش کی اس گھڑی میں متاثرین سیلاب کو ہر گز تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی طبی اور غذائی امداد کی فراہمی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے ایم کیو ایم کے ذمہ داروں اور کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ یہ ہرگز نہ دیکھیں کہ کون سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کر رہا ہے اور کون نہیں کر رہا بلکہ یہ دیکھیں وہ اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کی کس طرح مدد کرسکتے ہیں۔ آزمائش کی اس گھڑی میں ہمیں اپنے بھائیوں سے دلی یکجہتی کا اظہار کرنا چاہئے اور یہ ہماری اولین ذمہ داری ہے کہ ہم طوفانی بارش اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں سے نہ صرف یکجہتی کا اظہار کریں بلکہ مصیبت زدہ خاندانوں کی زیادہ سے زیادہ مدد بھی کریں۔ انہوں نے رابطہ کمیٹی کے ارکان کو ہدایت کی کہ وہ سیلاب متاثرین کو غذائی اجناس اور طبی امداد کی فراہمی کیلئے سندھ بھر میں امدادی کیمپ قائم کریں اور دکھی انسانیت کی خدمت میں کوئی کسر باقی نہ رکھیں۔
الطاف حسین نے کہا کہ ایم کیو ایم اور خدمت خلق فاؤنڈیشن کو سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کیلئے حق پرست عوام بالخصوص مخیر حضرات کے تعاون کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے حق پرست عوام بالخصوص مخیر حضرات سے دردمندانہ اپیل کی کہ وہ سندھ بھر میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی بڑھ چڑھ کر مدد کریں، متاثرین سیلاب کیلئے غذائی اجناس، پانی، روز مرہ استعمال کی اشیاء، ملبوسات اور ادویات خدمت خلق فاؤنڈیشن میں جمع کرائیں تاکہ یہ ادارہ زیادہ سے زیادہ متاثرین سیلاب کو غذائی اور طبی امداد فراہم کرسکے۔
خبر کا کوڈ : 98078
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش