0
Tuesday 13 Sep 2011 15:25

لوئر دیر میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ، اے این پی کا ضلعی رہنما جاں بحق

لوئر دیر میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ، اے این پی کا ضلعی رہنما جاں بحق
تیمرگرہ:اسلام ٹائمز۔ لوئر دیر کی تحصیل میدان میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں عوامی نیشنل پارٹی کے ضلعی رہنما اور ضلعی چیئرمین عشر و  کمیٹی شیر خان جاں بحق اور انکے 4 ساتھی زخمی ہوگئے۔ آج منگل کو اے این پی کے رہنما ضلعی ہیڈ کوارٹر تیمرگرہ سے تقریباً 25 کلومیٹر دور شمال میں اپنے گاؤں بانڈے سے کمبڑ آرہے تھے کہ مقامی ایک دینی مدرسے کے قریب ان کی گاڑی کے قریب ریموٹ کنٹرول بم کا زوردار دھماکہ ہوا۔ دھماکہ کے نتیجہ میں شیر خان جاں بحق جبکہ اسکے چار ساتھی زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں رفیع اللہ، پولیس گارڈ شاہد اور ڈرائیور نثار شامل ہیں۔
دھماکے کے بعد زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کیلئے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال لال قلعہ منتقل کیا گیا۔ دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ علاقے میں اس وقت غیراعلانیہ کرفیو نافذ ہے۔ شیر خان چند برس قبل ضلع مردان کے گاؤں ہاتھیان سے اپنے آبائی علاقے بانڈے واپس آ گئے تھے اور ان کا شمار عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنماؤں میں کیا جاتا تھا۔ وہ علاقے کی بااثر شخصیات میں شامل تھے۔ واضح رہے کہ میدان میں سیکورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کے بعد علاقے کو عسکریت پسندوں سے محفوظ بنا دیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 98455
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش