0
Friday 29 Mar 2024 16:53
25 رمضان کو یوم القدس ایمانی غیرت کے ساتھ منایا جائے گا

حکومت فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم القدس سرکاری سطح پر منائے، متحدہ علماء محاذ

حکومت فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم القدس سرکاری سطح پر منائے، متحدہ علماء محاذ
اسلام ٹائمز۔ متحدہ علماء محاذ پاکستان کے زیر اہتمام بسلسلہ عالمی یوم القدس 17واں سالانہ آل پارٹیز القدس سیمینار میں شریک مختلف مکاتب فکرکے جید علماء مشائخ، سیاسی زعماء، اقلیتی و سماجی رہنماؤں سمیت صحافی، دانشور، ڈاکٹر، وکلاء، تاجر ممتاز شخصیات نے مقامی ہال میں خطاب کرتے ہوئے مسلم حکمرانوں، اقوام متحدہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ غزہ فلسطین میں فوری جنگ بندی، غذائی و طبی امداد پہنچانے میں اسرائیلی رکاوٹوں کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں، مسلم ممالک اسرائیل سے سفارتی تعلقات منقطع اوران کی تمام تر مصنوعات کا بائیکاٹ کریں۔ متحدہ علماء محاذ پاکستان 25 رمضان جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القدس کے طور پر ایمانی غیرت و جذبہ کے ساتھ منائے گی، بانی اسلامی انقلاب ایران آیت اللہ امام خمینی کا یوم القدس منائے جانے کا جرأت مندانہ دور اندیشانہ اعلان قابل تقلید و تحسین و ستائش ہے۔

محاذ کے بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری کی میزبانی، مرکزی صدر حجۃ الاسلام علامہ مرزا یوسف حسین کی زیر صدارت سیمینار کے مہمانان خصوصی اسداللہ بھٹو، فاتح قادیانیت علامہ الیاس ستار سمیت اسرار عباسی، علامہ عبدالخالق فریدی سلفی، شیخ الحدیث مفتی محمد داؤد، محمد اسلم خٹک ایڈووکیٹ، شیخ الحدیث مولانا سلیم اللہ خان ترک، ممتاز سماجی رہنما محترمہ حسنہ قریشی، علامہ محسن اشراقی نوربخشی، علامہ حسن شریفی، پروفیسر ڈاکٹر سید شمیل احمد قادری حنبلی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل و امریکہ غزہ میں اپنی خونی جنگ ہار چکے ہیں، حماس و دیگر مجاہدین نے لازوال عظیم قربانیاں دے کر بدر و اُحد، خیبر و خندق و تبوک جیسے غزوات کی یادیں تازہ کردی ہیں، ملت اسلامیہ بیت المقدس کے تحفظ کیلئے ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ صدر مملکت، وزیراعظم پاکستان، آرمی چیف اسلامی ایٹمی بم، غوری میزائل کے رخ اسرائیل کی طرف کردیں تو تین گھنٹوں میں اسرائیل فلسطین چھور کر بھاگ جائے گا، سندھ حکومت فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم القدس سرکاری سطح پر منائے۔ سیمینار سے علامہ حسن شریفی، مولانا مفتی وجیہہ الدین، علامہ عبدالماجد فاروقی، علامہ ڈاکٹر مفتی عبدالغفور اشرفی، علامہ سید سجاد شبیر رضوی، ہندو مذہبی اسکالر منوج چوہان، مگن سنگھ، موٹیویشنل اسپیکر فضائل علی رانا، مولانا اظہر فاروقی نے بھی خطاب کیا جس میں 100 سے زائد علماء کرام نے شرکت کی اور 25 رمضان کو عالمی یوم القدس میں بھرپور شرکت کی اپیل کی۔
خبر کا کوڈ : 1125616
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش