0
Wednesday 17 Apr 2024 19:08

سرکاری اداروں کا غلط استعمال کرکے جمہوریت کیساتھ کھیلا جا رہا ہے، اکھلیش یادو

سرکاری اداروں کا غلط استعمال کرکے جمہوریت کیساتھ کھیلا جا رہا ہے، اکھلیش یادو
اسلام ٹائمز۔ اترپردیش کے نجیب آباد شہر میں انتخابی مہم کے آخری دن جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ سماج وادی پارٹی کی طرف سے تقسیم کیے گئے لیپ ٹاپ اب بھی کام کر رہے ہیں، جب کہ بی جے پی کے ذریعے تقسیم کیے گئے اسمارٹ فون کام نہیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے اپنی پارٹی کو کرپٹ لوگوں کا گودام بنا دیا ہے، تمام کرپٹ لوگ بھارتیہ جنتا پارٹی میں ہیں۔ سماج وادی پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ بی جے پی نے اداروں کی آڑ میں الیکٹرانک بانڈز کے نام پر چندہ اکٹھا کیا، یہ حکومت سی بی آئی، ای ڈی، انکم ٹیکس جیسے اداروں کے ساتھ کھیل رہی ہے، ادارے کمزور ہوں گے تو جمہوریت کمزور ہوگی۔ اکھلیش یادو نے ان اداروں کی ساکھ پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ان کے غلط استعمال کو روکنا ہوگا۔

سماج وادی پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ کسانوں کو بھی اس حکومت نے دھوکہ دیا ہے، جو ان کی آمدنی دوگنی کرنے کی بات کرنے کے باوجود ایم ایس پی نہیں دے رہے ہیں۔ اکھلیش یادو نے بھی پیپر لیک معاملے میں یوگی حکومت پر تنقید کی ہے۔ ایمبولینس اسکیم کا تذکرہ کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ اسے سماجوادی پارٹی حکومت نے شروع کیا تھا، جو آج بھی نمبر بدلنے کے بعد چل رہی ہے، جب کہ پولیس کی گاڑیاں جو 100 نمبر سے چلتی تھیں، وہ 112 نمبر سے چلائی جارہی ہیں۔ قبل ازیں عام آدمی پارٹی کے لیڈر سنجے سنگھ نے بی جے پی پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ دہلی کے وزیراعلٰی اروند کیجریوال کو جیل میں ڈال دیا گیا ہے۔ مودی پر بدعنوانوں کو تحفظ دینے کا الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بدعنوانوں کو شامل کر کے بی جے پی کی گنگا گندی ہوگئی ہے۔ سنجے سنگھ نے کہا کہ بی جے پی میں جتنا بڑا کرپٹ آدمی ہے، اتنا ہی بڑا عہدیدار ہے۔
خبر کا کوڈ : 1129286
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش