0
Saturday 19 May 2018 22:10

اظہارِ آزادی کی رائے پر پابندی عائد کرنا بھارت کے جمہوری دعوے کی پول کھول رہا ہے، حریت کانفرنس

اظہارِ آزادی کی رائے پر پابندی عائد کرنا بھارت کے جمہوری دعوے کی پول کھول رہا ہے، حریت کانفرنس
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورۂ جموں کشمیر کو ایک خالص فوجی آپریشن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی ہمیشہ یہی کوشش رہی ہے کہ وہ مظلوم قوم کو اپنی فوجی طاقت کے ذریعے سے خوفزدہ کرکے انہیں اپنی مبنی بر صداقت جدوجہد سے مایوس اور بددل کرکے یہاں اپنے فوجی قبضے کو مستحکم بنا سکے۔ اخبارات کے لئے جاری بیان میں حریت کانفرنس نے کہا کہ نریندر مودی کا جموں کشمیر کا دورہ خالص فوجی آپریشن ہے، کیونکہ جب بھی بھارت کا کوئی حکمران جموں کشمیر کا دورہ کرتا ہے تو اس کے پیشِ نظر پوری قوم کو بندوق کی نوک پر یرغمال بنایا جاتا ہے۔ حریت کانفرنس نے کٹھ پتلی حکومت اور فورسز کی جانب سے مشترکہ مزاحمتی قیادت کے لالچوک کے پروگرام پر قدغنیں عائد کرنے اور آزادی پسند راہنماؤں اور نوجوانوں کو گرفتار کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اظہارِ آزادی کی رائے پر پابندی عائد کرنا ان کے جمہوری دعوے کا پول کھول رہا ہے اور بھارت کی جمہوریت کا دعوٰی 21ویں صدی کا سب سے بڑا فراڈ ثابت ہوا، کیونکہ اس ’’جمہوریت‘‘ میں نہ تو انسان کو اظہارِ آزادی کی اجازت ہے اور نا ہی دینی اور سماجی معاملات کی اجازت ہے۔

حریت کانفرنس نے موجودہ کٹھ پتلی وزیراعلٰی کو سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے دہلی کے آقاؤں کو خوش کرنے کے لئے اپنی ہی قوم کے خلاف برسرِ جنگ ہوگئی ہیں اور وہ اپنے دہلی کے آقاؤں کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے ان کے لئے ان کی تعریفوں میں تمام انسانی اور اخلاقی حدود کو مسمار کر رہی ہے۔ حریت کانفرنس نے کہا کہ ریاست کو جن سنگھیوں کے حوالے کیا گیا ہے اور یہاں کے کٹھ پتلی حکمران ان کے ہر حکم کی تابعداری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کُرسی کے لئے اپنے ضمیر اور غیرت کو گِروی رکھا ہوا ہے اور یہ شطرنج کے مہرے بن گئے ہیں۔ ان کی ’’گولی نہیں بولی‘‘ اور ’’نظریات کی لڑائی‘‘ جیسے نعرے زمین میں دفن کردیئے گئے ہیں اور ریاست میں عملاً مارشل لاء نافذ کردیا گیا ہے۔ حریت کانفرنس نے حکومت کو خبردار کیا کہ پُرامن سیاسی سرگرمیوں پر عائد پابندیوں کے سنگین نتائج نکلیں گے اور ان کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔ 
خبر کا کوڈ : 725862
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش