0
Monday 6 Jun 2016 11:31

بھارت، افغانستان اور ایران کے مابین چابہار معاہدہ پاکستان پر حملہ ہے، حافظ سعید کا دفاع پاکستان کانفرنس سے خطاب

بھارت، افغانستان اور ایران کے مابین چابہار معاہدہ پاکستان پر حملہ ہے، حافظ سعید کا دفاع پاکستان کانفرنس سے خطاب
رپورٹ: ٹی ایچ بلوچ

دیوبندی اور اہل حدیث مذہبی سیاسی جماعتوں کے مرکزی قائدین نے دفاع پاکستان کونسل کے زیر اہتمام آبپارہ چوک میں ہونے والی دفاع پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام یا کسی اور جگہ پر ڈرون حملوں کیلئے امریکہ اور اسرائیل کو مدد فراہم کی تو پھر انڈیا کا کوئی شہر بھی محفوظ نہیں رہے گا، انڈیا کے ایئر پورٹس پر امریکی ڈرون پہنچ چکے اور میزائل نصب کئے جا رہے ہیں، پاکستانی ایئر چیف اور جنرل راحیل شریف اپنی ذمہ داری ادا کریں، پاکستانی حدود میں گھسنے والے ڈرون مار گرائے جائیں، ہمیں دھمکیاں دینے کی عادت نہیں، بھارت و امریکہ پاکستان پر حملوں کی بات کرسکتے ہیں تو ہم بھی پاکستان کے دفاع کا حق رکھتے ہیں، دفاع پاکستان کونسل رمضان المبارک میں بھی پوری قوت سے ملک گیر تحریک جاری رکھے گی، 12 جون کو لاہور، 19 جون کو فیصل آباد اور 26 جون کو گوجرانوالہ میں بڑے اجتماعات کا انعقاد کیا جائے گا، کونسل کے قائدین پر مشتمل رابطہ کمیٹی ملک بھر کی سیاسی جماعتوں سے رابطے و ملاقاتیں کرکے انہیں اس اتحاد میں شامل کرنے کی کوشش کرے گی، بیس کروڑ عوام دفاع پاکستان کے لئے افواج پاکستان کی پشت پر کھڑی ہے، شدید گرمی میں ہزاروں کی تعداد میں عوام کا جمع ہونا اس بات کی دلیل ہے کہ قوم دفاع پاکستان کونسل کے شانہ بشانہ ہے، 34 اسلامی ممالک کا اتحاد اور بیس اسلامی ممالک کی پاکستانی فوج کی نگرانی میں فوجی مشقیں امریکہ کو برداشت نہیں ہو رہیں، آج اس بات کا اعلان کرتے ہیں کہ مسلم لیگ (ن) نے تحریک پاکستان کا کردار ادا نہ کیا تو جس طرح ہمارے آباﺅ اجداد نے پاکستان کے لئے قربانیاں دی تھیں، ہم دفاع پاکستان کے لئے قربانیاں دینے کو تیار ہیں۔

کانفرنس میں چیئرمین دفاع پاکستان کونسل مولانا سمیع الحق، پروفیسر حافظ محمد سعید، سردار عتیق احمد خاں، شیخ رشید احمد، مولانا احمد لدھیانوی، مولانا فضل الرحمان خلیل، پروفیسر حافظ عبدالرحمان مکی، حافظ عبدالغفار روپڑی، میاں محمد اسلم، مولانا امیر حمزہ، قاری محمد یعقوب شیخ، مولانا حامد الحق، عبداللہ گل، انجمن تاجران اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ و دیگر نے فیض آباد سے آبپارہ چوک تک نکالی گئی ریلی کے اختتام پر شرکاء سے خطاب کیا۔ اس موقع پر زبردست جذباتی ماحول دیکھنے میں آیا۔ شرکاء کی طرف سے امریکہ و بھارت کیخلاف سخت نعرے بازی کی گئی۔ چیئرمین دفاع پاکستان کونسل مولانا سمیع الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم نے سولہ سال پہلے دفاع پاکستان کونسل کی بنیاد رکھی اور امریکہ و اتحادی ممالک کیخلاف تحریک چلاتے ہوئے ملین مارچ کئے۔ کئی سال تک پورا پاکستان اس تحریک سے گونجتا رہا۔ پھر اسی طرح 2010ء میں قائدین ملکی حالات کے پیش نظر ایک بار پھر جمع ہوئے، نیٹو سپلائی کیخلاف پورے ملک میں تحریک چلائی، لانگ مارچ کئے اور ڈی چوک میں پرامن احتجاج کیا، ابھی ہم نے اس ملک کو اغیار کے شکنجے سے نکالنے کیلئے زبردست جدوجہد کرنا ہے، پاکستان کو جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں پر خطرات درپیش ہیں، پاکستان ایک نظریاتی ملک ہے اور بعض طاقتیں اس ملک کو سیکولر اور لبرل بنانے کی کوششیں کر رہے ہیں، اس کی سرحدوں پر حملے کئے جارہے ہیں، حکمران ٹس سے مس نہیں ہو رہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اس تحریک چلانے سے پہلے تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دی، اب بھی انہیں دعوت دیتے ہیں کہ وہ ہمارا ساتھ دیں، ملکی دفاع اور اسلامی تشخص کی حفاظت سب کا مشترکہ مسئلہ ہے، آج بھی ہم نے ایک کمیٹی بنائی ہے، جو تمام جماعتوں سے رابطے کرکے انہیں کونسل میں شامل کرنے کی کوشش کرے گی، رمضان المبارک میں بھی یہ تحریک پوری قوت سے جاری رہے گی، 12 جون کو لاہور میں بھرپور قوت کا مظاہرہ ہوگا۔ 19 جون کو فیصل آباد اور 26 جون کو گوجرانوالہ میں بڑے جلسے ہوں گے اور رمضان کے بعد بھی دفاع پاکستان کی تحریک کو اسی طرح جاری رکھا جائے گا۔ وطن عزیز پاکستان کے عوام میں جذبے بیدار کریں گے۔ رمضان کے بعد پورے ملک میں احتجاجی مارچ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی کانفرنس نے ثابت کر دیا کہ پاکستانی قوم متحد و بیدار ہے۔

امیر جماعة الدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا کہ امریکی ڈرون حملہ ریہرسل اور پاکستان کیخلاف اعلان جنگ ہے۔ پریشانی کی بات یہ ہے کہ آج انڈیا کے ایئر پورٹس پر امریکی ڈرون پہنچ گئے ہیں اور میزائل نصب کئے جا رہے ہیں۔ ہم صاف طور پر کہتے ہیں کہ اگر انڈیا کے ہوائی اڈوں سے کوئی ڈرون اڑتا ہے اور پاکستان کے ایٹمی پروگرام یا کسی اور مقام پر حملہ ہوا تو ان شاء اللہ ہمارے پاس بھی اتنے ڈرون ہیں کہ تمارے ہر شہر پر ڈرون حملے ہوں گے۔ اس موقع پر زبردست نعرے بازی کی گئی۔ شرکاء نے ہندوستان کی بربادی تک جنگ رہے جنگ رہے گی اور حافظ محمد سعید قدم بڑھاﺅ ہم تمہارے ساتھ ہیں، کے زور دار نعرے لگائے۔ انہوں نے کہا کہ سقوط مشرقی پاکستان کے بعد دوسرا مشکل وقت ہے، لیکن ہم کھلی بات کرتے ہیں، ہم نے اس ملک کا دفاع کرنا ہے، جنرل راحیل شریف صاحب آپ کا فرض ہے کہ پاکستان کی حدود میں گھسنے والے ڈرون گرائے جائیں، ایئر چیف اپنی ذمہ داری نبھائیں، پاکستان کا دفاع ہم سب پر فرض ہے، ہمیں دھکیاں دینے کی عادت نہیں، اگر اوبامہ ڈرون حملوں کی بات کرتا ہے تو ہم بھی سنجیدگی سے کہتے ہیں کہ ہم اس ملک کا دفاع کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگرچہ وقت بہت مشکل ہے، لیکن یہ بات یاد رہے کہ یہ 71ء والا پاکستان نہیں بلکہ یہ ایٹمی اور جہادی جذبے رکھنے والا ملک ہے، جس نے روس اور اب امریکہ کو شکست دی ہے۔ حافظ محمد سعید نے انڈیا، ایران اور افغانستان کے مابین چاہ بہار معاہدہ کو پاکستان پر حملہ قرار دیا اور کہا کہ ہم نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کی حفاظت کرنی ہے، ہم نے کسی پر انحصار نہیں کرنا بلکہ خود دفاع کرنا ہے، رمضان المبارک میں تحریک پوری قوت سے جاری رہے گی، غزوہ تبوک اور فتح مکہ کی طرح اللہ تعالٰی ان شاء اللہ آسمانوں سے برکتیں نازل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ دفاع پاکستان کونسل کے پروگراموں کا اسلام آباد سے اجراء ہوا، یہ قافلہ شہر شہر اور نگر نگر جائے گا، سیاسی و دینی جماعتیں دفاع کے مسئلہ پر سب متحد ہیں کیونکہ دفاع کے مسئلہ پر سیاست نہیں ہوتی، ہمارا سب سے پہلا مقصد تمام طبقوں کو متحد کرنا ہے، تاکہ دشمن پاکستان کیخلاف مذموم سازشیں نہ کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے ڈرون حملہ کرکے ایک پیغام دیا ہے، یہ ایک ریہرسل ہے، جب وزارت خارجہ نے ڈرون کے خلاف رسمی احتجاج کیا تو امریکہ نے برداشت نہیں کیا اور دھمکی دی ہے کہ ہم ڈرون جاری رکھیں گے، یہ پاکستان کیخلاف اعلان جنگ ہے۔ مسلم کانفرنس کے سربراہ، سابق وزیراعظم آزاد جموں کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ پاکستان کے خلاف بیرونی سازشیں بڑھ رہی ہیں تو دوسری جانب دفاع پاکستان کے لئے کونسل متحد ہو رہی ہے، اپنے اپنے جھنڈوں اور نعروں کے ساتھ چلنے والی دفاع پاکستان کونسل آج صرف پاکستان کا جھنڈا اٹھائے کھڑی ہے، پاکستان کی طرف اٹھنے والا ہر ہاتھ کاٹ دیا جائے گا، مقبوضہ کشمیر میں آٹھ لاکھ بھارتی فوج ظلم کر رہی ہے، جس ملک کا حکمران آپریشن تھیٹر میں جاتے وقت مودی سے دعائیں لے، ان سے ہم کیا توقع رکھ سکتے ہیں، دفاع پاکستان کونسل کو ملک گیر تحریک چلانا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کا ڈرون حملوں پر بیان خوش آئند ہے، آرمی چیف اعلان کریں کہ اب پاکستان کی طرف جو ڈرون آئے گا، وہ واپس نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم افواج پاکستان کی پشت پر کھڑی ہے، پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والے کامیاب نہیں ہوں گے۔ اس موقع پر سردار عتیق نے کشمیر بنے گا پاکستان و دیگر نعرے لگائے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ، رکن قومی اسمبلی شیخ رشید احمد نے کہا کہ پہلے بھی دفاع پاکستان کے ساتھ نکلے تھے، پہلے دو بار امریکہ نے ایئر پورٹ پر روکا اب لگتا ہے کہ امریکہ پاسپورٹ بھی جمع کر لے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں سقوط ڈھاکہ کے بعد اتنا مشکل وقت کبھی نہیں آیا، ستر سال سے اس ملک میں غریب نے اسمبلی کی شکل نہیں دیکھی، حافظ محمد سعید صاحب کے پیچھے شدید گرمی میں ہزاروں لوگ آجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت تشویشناک حالات ہیں، پاکستان کو سینڈوچ بنا کر بند گلی میں داخل کر دیا گیا ہے، ہمارے ہاں پانی نہیں، بجلی، گیس نہیں، بجٹ نہیں، پاکستان کے چند نوجوانوں نے سمارٹ بم بنایا تو دنیا میں قیامت آگئی، پاکستان میں را کا ایجنٹ پکڑا جاتا ہے لیکن حکومت خاموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفاع پاکستان کونسل سیاسی پارٹیوں کو ساتھ ملائے۔ انہوں نے کہا کہ مجھ پر تین خودکش حملے ہوئے، پابندیاں بھی سہی پھر بھی عوام کے حقوق کے لئے میدان میں ہوں، حکمرانوں کا سب کچھ باہر ہے، ہم نے ہی یہاں جینا اور مرنا ہے، اسی لئے اللہ کے نبی کے جھنڈے تلے جمع ہوں۔

تکفیری گروہ اہلسنت والجماعت پاکستان کے سربراہ مولانا احمد لدھیانوی نے کہا کہ دفاع پاکستان کا ایک تسلسل ہے، سلالہ چیک پوسٹ پر حملے کے بعد تحریک چلائی تھی، امریکہ نے چند سال قبل دھمکیاں دی تھیں تو مولانا سمیع الحق کی قیادت میں یہ کارواں لاہور، پنڈی، کراچی، کوئٹہ، پشاور، چمن تک گیا تھا اور امریکہ کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا تھا، امریکہ نے اب ایک بار پھر پاکستان کی دھرتی کے اوپر ڈرون حملہ کیا اور اوباما نے کہا کہ جب چاہیں گے، پاکستان کے حکمرانوں سے پوچھے بغیر حملہ کریں گے، امریکی دھمکیوں کے بعد دفاع پاکستان کونسل پھر میدان میں آچکی، شدید گرمی میں ہزاروں کی تعداد میں عوام کا جمع ہونا اس بات کی دلیل ہے کہ قوم دفاع پاکستان کونسل کے شانہ بشانہ ہے، پاکستان کا جو بھی دشمن ہوگا، اس کا مقابلہ کریں گے، جو پاکستان کا دوست ہوگا، وہ ہمارا دوست ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دفاع پاکستان کے لئے کل بھی لڑے تھے، آج بھی لڑ رہے ہیں اور کل بھی لڑیں گے۔

دیوبندی جہادی گروہ انصار الامة کے سربراہ مولانا فضل الرحمان خلیل نے کہا کہ امریکہ خیبر پختونخوا میں بدامنی پھیلا کر بلوچستان میں ڈرون حملے کرکے وہاں بھی بدامنی پھیلانا چاہتا ہے، امریکہ جانتا ہے کہ بلوچستان میں علیحدگی کی تحریکیں چل رہی ہیں، ڈرون حملوں کے نتیجے میں پاکستان کے خلاف لوگ اٹھیں گے، نوشکی پر ڈرون حملہ پاکستان کی سلامتی پر حملہ ہے، پاکستان کی میعشت گوادر بندرگاہ رپر کام جاری ہے، امریکہ، انڈیا، افغانستان اس کے خلاف اکٹھے ہو کر سازشیں کر رہے ہیں، لیکن پاکستان کی عوام، فوج سب ایک پیج پر ہیں پاکستان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔

جماعة الدعوة کے مرکزی رہنما حافظ عبدالرحمان مکی نے کہا کہ دفاع پاکستان کونسل کی ایک کال پر ہزاروں کی تعداد میں لوگ جمع ہوگئے، امریکہ متعصب، تنگ نظر اور انسانیت سے گری ہوئی سوچ والا ملک ہے، جس دن اوباما سعودی عرب میں آیا اور شاہ سلمان استقبال کے لئے آئے، اذان ہوئی اور شاہ سلمان اوباما کو چھوڑ کر چلے گئے، یہ منظر ساری دنیا نے دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ یمن میں حوثی باغیوں کی سعودی عرب سے جنگ کروائی گئی، کیونکہ امریکہ کو یہ پسند نہیں آیا، انتقام کے لئے عالم اسلام کے قلب پر حملہ کروایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تین سپر پاورز کے خلاف لڑا، افغانیوں کی مدد کی اور سپر پاورز کو یہاں سے واپس بھیجا، پاکستان کے اس عمل سے اللہ نے مدد کی کہ چونتیس ملکوں کے اسلامی اتحاد میں شامل بیس ملکوں کی فوجی مشقوں کی سرپرستی کرنے لگا، مسلمانوں کو امت، ملت، اخوت اور دفاع کی ذمہ داریاں پاکستان بنا رہا ہے، امریکہ کو عرب ممالک میں پاکستان کی پذیرائی پسند نہیں آئی، بہترین اسلحہ سازی، نیوکلیئر قوت، پاکستان نے اسلحہ سپلائی کرنے کی درخواست دی تو امریکہ مزید پریشان ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ پرویز رشید کہتا ہے کہ ملا اختر پاکستان میں ناجائز آیا تو ڈرون بھی ناجائز آگیا، شرم کی بات ہے، پاکستان ڈرون کو گرانے کی صلاحیت رکھتا ہے، جرات سے بات کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے دفاع کے لئے قریہ قریہ جائیں گے۔

جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی نے کہا کہ دفاع پاکستان کونسل کے جرنیل و کمانڈر میدان میں آچکے ہیں، آج اس بات کا اعلان کرتے ہیں کہ مسلم لیگ (ن) نے تحریک پاکستان کا کردار ادا نہ کیا تو جس طرح ہمارے آباﺅ اجداد نے پاکستان کے لئے قربانیاں دی تھیں، ہم دفاع پاکستان کے لئے قربانیاں دینے کو تیار ہیں، جنرل راحیل شریف نے پاکستانی قوم کے جذبات کی ترجمانی کی ہے۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کلمہ طیبہ کی نام پر بنا، بیس کروڑ پاکستانی اس ملک کے دفاع کے لئے میدان میں ہوں گے، اس ملک کی فوج ایمان، تقویٰ، جہاد فی سبیل اللہ والی فوج ہے، پاکستان ایٹمی ملک ہے، لیکن اس کے باوجود پاکستان میں ڈرون حملہ ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کرنے والوں کو امریکہ مار کر پاکستان میں انتشار پیدا کرنا چاہتا ہے، قومی اسمبلی میں بیٹھنے والوں سے سوال کرتا ہوں کہ بیس کروڑ عوام کے جذبات کی نمائندگی کا حق ادا کیا؟ پاکستان پرامن ہے، کبھی کسی پر حملہ نہیں کیا، ملک کی سلامتی و خود مختاری کے خلاف کوئی بات برداشت نہیں کریں گے، اقوام متحدہ، یورپی یونین، او آئی سی، پاکستان میں ممالک کے سفارتخانے ہیں، سب کو بتایا جائے کہ پاکستان کا دفاع کریں گے۔

جماعة الدعوة کے مرکزی رہنما مولانا امیر حمزہ نے کہا کہ دفاع پاکستان کونسل کا قافلہ پہلے بھی نکلا تھا، جس کی تحریک کے نتیجے میں نیٹو سپلائی بند ہوگئی تھی، اب پھر تحریک چلے گی، آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ ڈرون پر لفظ مذمت قبول نہیں، ڈرون برداشت نہیں، جنرل راحیل شریف آگے پڑھیں، پاکستانی قوم انکے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے پاکستان کی خود مختاری کو پامال کیا، لیکن اقوام متحدہ خاموش ہے، نواز شریف اپنے انتخابی نشان کی لاج رکھیں، 34 اسلامی ممالک کے اتحاد کو ساتھ ملا کر اعلان کریں کہ ڈرون برداشت نہیں۔

تحریک نوجوانان پاکستان کے سربراہ عبداللہ گل، جماعة الدعوة کے مرکزی رہنما قاری یعقوب شیخ، جمعیت علماء اسلام (س) کے نائب امیر مولانا حامد الحق، انجمن تاجران اسلام آباد کے صدر محمد اجمل بلوچ، مولانا سیف اللہ خالد، ابوالہاشم ربانی، حافظ طلحہ سعید، مولانا ادریس فاروقی، حافظ خالد ولید، علی عمران شاہین و دیگر نے کہا کہ دفاع پاکستان کونسل نے قوم کو اتحاد کا پیغام دیا، اس وقت جب پاکستان کی سرحدیں غیر محفوظ ہیں، ملک میں افراتفری ہے اور امریکہ بھی ڈرون حملے کرکے مزید دھمکیاں دے رہا ہے، ایسے حالات میں دفاع پاکستان کونسل کا کردار خوش آئند ہے، لیکن افسوس کی بات ہے کہ حکمرانوں کی حمیت نہیں جاگی، سیاستدانوں کو بھی ملک کے دفاع کے لئے امریکہ کی غلامی کی بجائے دفاع پاکستان کونسل کا ساتھ دینا چاہئے۔
خبر کا کوڈ : 543577
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش