0
Saturday 16 Mar 2019 13:21

عورت کا دشمن کون؟

عورت کا دشمن کون؟
اسماء طارق، گجرات
 
عورت ہی عورت کی بدترین دشمن ہے۔ یہ بات شاید سننے میں اچھی نہ لگے، مگر جب میں نے عورت پر ہونے والے ہر ظلم کی داستان کو اس کے پس منظر کے ساتھ دیکھا تو میں یہ کہنے پر مجبور ہوگئی کہ عورت ہی عورت کی اصل دشمن ہے۔ میں تاریخ پڑھوں، یا حال پر نظر دوڑاوں تو یہی حقیقت سامنے آتی ہے اور اس کی وجہ ایک عورت کا دوسری عورت سے خار کھانا  ہے۔ یہ خار آخر دشمنی میں بدل جاتی ہے اور پھر ایک عورت دوسری کو تباہ کرنے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑتی اور اس میں  ہتھیار بنتا ہے مرد۔۔ مرد جب پہلے ہی عقل سے کام لینے سے انکار کرچکا ہو تو پھر عورت کا کام اور آسان ہو جاتا ہے، اب عورت اسے دوسری عورت کے خلاف اکساتی  ہے اور پھر مرد بم دھماکے کی طرح قہر برسانا شروع کر دیتا ہے۔
 
میں اس چیز کو مکمل طور پر مانتی ہوں کہ عورت کو معاشرے میں مکمل حقوق  ملنے چاہیئے۔ اسے اس کی ذات کا تخفظ ملنا چاہیئے، ایک مکمل اور بھرپور انسان  ہونے کی حیثیت سے اور اسے ان خقوق کو حاصل کرنے کے لیے ہر جنگ لڑنی چاہیئے۔ بے شک اس مردوں کے معاشرے میں عورت ہی ہے، جو اسے قائم رکھتی ہے، مگر اس کے باوجود اسے بے شمار ذلالت کا سامنا ہر روز رہتا ہے اور اس کی سالمیت کو آئے دن خطرہ رہتا ہے۔ بےشک اس سب میں بےشمار سماجی خرابیاں ہیں، مردوں کے معاشرے کا قصور بھی ہے، مگر ایک چیز کہیں ہم بھول نہیں رہے کہ ان سب میں کہیں تھوڑا سا قصور عورت کا بھی تو نہیں ہے۔
 
ذرا سوچیئے! وہ کون ہے جو دوسری عورت کے راز افشا کرتی ہے؟ وہ کون ہے جو دوسری عورت پر الزام تراشی کرتی ہے؟ وہ کون ہے جو دوسری عورت کو بدکردار  کہتی ہے؟ وہ کون ہے جو دوسری عورت کو جہنم واصل کرتی ہے؟ وہ کون ہے جو دوسری عورت کو سرعام رسوا کرتی ہے؟ وہ کون ہے جو دوسری عورت کے پیدا ہونے پر ایک عورت کو منحوس کہتی ہے۔ وہ کون ہے جو مرد کے لئے دوسری عورت کو ذلیل کرتی ہے؟ وہ کون ہے جو مرد کو اکساتی ہے دوسری عورت پر قہر برسانے کے لئے۔ وہ ایک عورت ہے، جو یہ سب کرتی ہے۔ وہ ایک عورت ہے جو ادھر کی بات ادھر کرتی ہے اور گھر تباہ کرتی ہے۔ اس سب کے پیچھے وہ غلط سوچ ہے، وہ پچپن سے گھروں سے اور اردگرد سے ہمیں ملتی ہے۔ جہاں ایک ماں جب اپنے بیٹے اور بیٹی میں فرق کرتی ہے۔

جہاں ایک ماں خود عورت ہونے کے باوجود صرف بیٹے کی پیدائش چاہتی ہے۔ جہاں ایک ماں بیٹا ہونے پر فخر کرتی ہے اور بیٹی ہونے پر برا مانتی ہے۔ جہاں   ایک عورت اپنا حق خود چھوڑتی ہے اور یہی ترغیب دیتی ہے۔ جہاں ایک ماں اپنی  بیٹی کو تو دنیا کی سب خوشیاں دینا چاہتی ہے، مگر دوسروں کی بیٹی کو ایک  خوشی بھی نصیب نہیں ہونے دیتی۔ یہ مسئلہ تب بھی بنتا ہے، جب ماں اپنی بیٹی کو تو دنیا کی سب سے خوبصورت، ذہین اور سلیقہ شعار لڑکی سمجھتی ہے اور اس کے سامنے دوسروں کی برائیاں  کرتی ہے اور دوسروں کی بیٹیوں کی تذلیل کرتی  ہے۔ جب وہ لڑکی اس سوچ کے ساتھ گھر سے باہر زندگی کے میدان میں قدم رکھتی ہے تو اسے حقیقت سے آگاہی ہوتی ہے کہ کئی معاملات میں دوسری لڑکیاں اس سے زیادہ خوبیاں رکھتی ہیں تو وہ اس چیز کو  قبول کرنے کی بجائے اپنے اندر مزاحمت پیدا کر لیتی ہے اور پھر مقابلے بازی پر اتر آتی ہے، جو آگے چل کر حسد اور تباہی کا پیش خیمہ ثابت ہوتی ہے۔

اس سب سے بچنے کے لئے ضروری ہے کہ ہمارے اندر دوسروں کو  قبول کرنے کا حوصلہ ہو اور ہمیں معلوم ہو کہ کیسے اپنے ساتھ ساتھ دوسرے کی اچھائیوں کو بھی ماننا ہے اور اپنی حامیوں کو بھی قبول کرنا ہے۔ ہمارے گھروں سے ہمیں دوسروں کو قبول کرنے کے ظرف کے سوا سب ملتا ہے، مگر ہمیں دوسروں کو قبول کرنا سیکھنا ہے، تاکہ ہم نہ صرف اس مقابلے بازی سے محفوظ رہیں، بلکہ اپنے اور دوسروں کی بھلائی کا باعث بنیں۔ آیئے! عورت کی عورت کے ساتھ اس جنگ کا خاتمہ کریں اور ایک دوسرے کو محبت اور احترام سے قبول کریں، تب ہی ہم مل کر اس معاشرے کی برائیوں کا مقابلہ کرسکیں گے، کیونکہ اگر عورت عورت کی ڈھال بن جائے گی تو  پھر کوئی اس ڈھال کا مقابلہ نہیں کرسکے گا۔
خبر کا کوڈ : 783660
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش