0
Monday 18 May 2020 12:05

غیراللہ کیلئے سجدہ کرنے کی شرعی حیثیت

غیراللہ کیلئے سجدہ کرنے کی شرعی حیثیت
تلخیص و تحریر: ذاکر حسین میر

بادشاہوں اور سلاطین کی تاریخ سے کم و بیش ہم سب آگاہ ہیں۔ یہ لوگ اپنی بادشاہت میں خود مختار اور مطلق العنان ہوتے تھے۔ جسے چاہے بخش دیتے اور جسے چاہے سولی پہ چڑھا دیتے۔ اپنی ذات کی تسکین سے لے کر کسی بھی بڑے اور چھوٹے مقصد تک پہنچنے کے لئے درندے بن جاتے تھے، یہ لوگ بےشمار انسانوں کی جانوں سے کھیلنے کا پورا پورا اختیار رکھتے تھے۔ رعایا کے پاس ان کے سامنے سرتسلیم خم ہونے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہ تھا۔ سلاطین کا رعب و دبدبہ اس قدر حاکم تھا کہ انہیں دیکھتے ہی لوگ ان کی طاقت اور عظمت کے سامنے سجدہ ریز ہوتے تھے۔ یوں سجدہ  تواضع، فروتنی، عجز و انکساری اور کمال اطاعت کی علامت کے طور زمانہ قدیم سے ہی لوگوں کے درمیان رائج رہا ہے۔ یہ کہانی یہی پر ہی ختم نہیں ہوتی بلکہ آج کے ترقی یافتہ دور میں بھی ایسے ہی نمونے دیکھنے اور پڑھنے کو ملتے ہیں۔ آج بھی دنیا کے طول وعرض میں ایسے لوگ بستے ہیں جن میں سے بعض  گذشتہ اقوام کی طرح صاحبان قدرت کے سامنے سجدہ ریز ہوتے ہیں جبکہ بعض مخصوصا مذہبی طبقہ مقدس شخصیات، اماکن اور چیزوں کے سامنے سجدہ ریز ہوتے ہیں۔ 

دین میں سجدہ نماز کے ارکان میں ایک اہم ترین رکن ہے۔ نماز کے علاوہ بھی یہ عمل اگر قصد ربوبیت کے ساتھ ہو تو خداوند متعال کے ساتھ مختص ہے۔ علماء کے آثار میں دو طرح کے سجدوں کا ذکرملتا ہے، ایک کو سجدہ عبادی، جسے قصد ربوبیت اور قصد قربت کے ساتھ انجام دیا جاتا ہے جبکہ دوسرے کو سجدہ تعظیمی کا نام دیا جاتا ہے۔ پہلی قسم کے بارے میں تمام علماء کا اتفاق ہے کہ یہ سجدہ خداوند عالم کے ساتھ مختص ہے اور غیراللہ کے لئے اس طرح کا سجدہ حرام اور شرک ہے جبکہ دوسری قسم قابل بحث و بررسی ہے، بعض فقہاء اور مفسرین کی عبارتوں سے معلوم ہوتا ہے کہ ان کے ہاں یہ سجدہ جائز ہےجبکہ اکثر فقہاء سجدہ کی دونوں قسموں کو خداوند متعال سے مختص سمجھتے ہیں اور مطلق سجدہ کو غیراللہ کے لئے حرام سمجھتے ہیں؛ وہ حضرات جو سجدہ کی دوسری قسم کو غیراللہ کے لئے جائز سمجھتے ہیں ملائکہ کا حضرت آدم کو سجدہ کرنا یا حضرت یوسف کے بھائیوں کا حضرت یوسف کو سجدہ کرنا، کو دلیل کے طور پر پیش کرتے ہیں ۔چنانچہ قرآن کی آیات میں واضح طور پر اس بات کا تذکرہ ملتاہے کہ  یہ دونوں سجدے خود حضرت آدمؑ اور حضرت یوسفؑ کے لئے تھے۔ 

لیکن جو لوگ اس نظریہ کے منکر ہیں وہ کہتے ہیں: قرآن کی آیات میں جن سجدوں  کا ذکر آیا ہے وہ حضرت آدم ؑ یا حضرت یوسفؑ کے لئے نہیں تھے، بلکہ خدا کے حضور شکر کے سجدے تھے اور حضرات آدمؑ اور یوسفؑ  کو قبلہ قرار دیا گیا تھا۔ شیخ طوسی (رح) اپنی تفسیر "التبیان فی التفسیر القرآن" میں اس حوالے سے مفسرین کے درمیان موجود دو اہم اقوال کو ذکر کرتے ہیں، ایک قول کے مطابق ملائکہ کا سجدہ حضرت آدم کے لئے ہی تھا، اسی لئے انبیاء ملائکہ سے افضل ہیں جبکہ دوسرے قول کے مطابق یہ سجدہ خدا کے لئے تھا اور حضرت آدم قبلہ تھے۔ جناب شیخ دوسرے قول کو ضعیف قرار دیتے ہوئے فرماتے ہیں، اگر سجدہ خدا کے لئے تھا تو ابلیس کے  انکار کی کیا وجہ ہو سکتی تھی؟ ابلیس کا انکار اس بات پر محکم دلیل ہے کہ سجدہ خود آدم کے لئے تھا وگرنہ ابلیس خدا کے لئے سجدہ کا منکر نہیں تھا۔ مرحوم  حویزی (رح) "نورالثقلین" میں سورہ بقرہ کی 34 آیت کی تفسیر کے ضمن میں آٹھ روایتوں کو نقل کرتے ہیں اور بعض سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ سجدہ آدم کے لئے تھا۔

بحث کے آخر میں تین احادیث سے استدلال کرتے ہیں کہ یہ سجدہ خدا کے لئے تھا اور حضرت آدم کو فقط قبلہ قرار دیا گیا تھا۔ معروف فیلسوف، متکلم اور مفسر حضرت علامہ طباطبائی اپنی گرانقدر تفسیر" المیزان" میں "غیر اللہ کے لئے سجدہ کا حکم" کے ذیل میں لکھتے ہیں، (اسجدوا لآدم ) الخ، اس جملہ سے پتہ چلتا ہے کہ احترام ، تعظیم اور تکریم کی نیت سے غیر خدا کے لئے سجدہ جائز ہے اور یہی عمل خدا کے حکم کی تعمیل بھی ہے۔ اور یہی مطلب قرآن کی آیت "وَ رَفَعَ أَبَوَيْهِ عَلَى الْعَرْشِ، وَ خَرُّوا لَهُ سُجَّداً وَ قالَ يا أَبَتِ هذا تَأْوِيلُ رُءْيايَ مِنْ قَبْلُ قَدْ جَعَلَها رَبِّي حَقًّا" (یوسف/100) سے بھی اخذ ہو سکتا ہے۔ علامہ مزید فرماتے ہیں: بعض لوگوں کا گمان ہے کہ سجدہ عبادت ذاتی ہے یعنی عبادت کے علاوہ کسی دوسرے عنوان کو قبول  نہیں کرتا، یہ بات صحیح نہیں ہے کیونکہ کسی چیز کی ذاتیات اس سے جدا نہیں ہوتیں اور عبادت سجدہ کے لئے ذاتی نہیں ہے کیونکہ ممکن ہے یہی عمل عزت اور تکریم کے علاوہ کسی اور مقصد کے لئے بجا لایا جائے، مثلا یہی عمل کسی کا مذاق اڑانے کے لئے بجا لایا جائے تو پھر عبادت نہیں رہتا۔ جی ہاں! اس بات سے کسی کو اختلاف  نہیں ہونا چاہیئے کہ سجدہ عبادت کی واضح اور روشن ترین شکل ہے۔

سجدہ اگر غیر خدا کے لئے ربوبیت کو ثابت کرتا ہو تو عقل اور شرع دونوں کے نزدیک ممنوع ہے لیکن اگر فقط کسی دوسرے کی تعظیم، تکریم یا تعارف کےلئے ہو تو اس کے حرام ہونے پر نہ کوئی شرعی دلیل ہے اور نہ ہی کوئی عقلی دلیل ہے۔ صرف لوگوں کا دینی ذوق ہے کہ وہ اس عمل کو خدا کے ساتھ مخصوص سمجھتے ہیں اور اسے غیرخدا کے لئے جائز نہیں سمجھتے۔ (المیزان ، ج1، ص:188)۔ البتہ سورہ یوسف میں علامہ نے اس احتمال کا بھی ذکر کیا ہے کہ بعض روایات میں اس بات کا تذکرہ ملتا ہے کہ حضرت یوسفؑ کے بھائیوں کا سجدہ خدا کے لئے تھا اور جبکہ  حضرت یوسفؑ  کو قبلہ قرار دیاگیا تھا۔ شیخ طبرسی "تفسیر مجمع البیان" میں فرماتے ہیں،  "روایات سے جو کچھ ہمیں پتہ چلتا ہے وہ یہ ہے کہ سجدہ خدا کے لئے تھا جبکہ حضرت یوسفؑ اور حضرت آدمؑ قبلہ واقع ہوئے تھے یا یہ شکر کا سجدہ تھا جس کے ضمن میں حضرت یوسف کے لئے ایک احترام بھی تھا۔ پھر آگے فرماتے ہیں، سب کے سب حضرت یوسفؑ کے احترام میں سجد ہ ریز ہوگئے۔ اس زمانے میں بڑوں کے حضور سجدہ کرنا مرسوم تھا جبکہ ان کی شریعت بھی غیر خدا کے لئے سجدہ کی اجازت دیتی تھی لیکن امت اسلامی میں سجدہ خدا کے لئے مخصوص ہوا اور بزرگان کی عزت اور تکریم کے  لئے سجدہ کی جگہ انہیں سلام کرنے کا حکم ہوا۔

کتاب  "وسائل الشیعہ" میں جناب شیخ حرعاملی نے آٹھ روایات نقل کیں ہیں؛ ان میں سے سات کو "سجدے کے احکام " والے باب میں جبکہ ایک روایت  کو "مقدمات نکاح " کے باب میں ذکر کیا ہے۔ مذکورہ روایات میں حدیث نمبر ایک، دو، تین، چار، پانچ اور چھ سند کے اعتبار سے ضعیف ہیں جبکہ حدیث نمبر سات اور آٹھ کی سند صحیح ہے۔ 
پہلی اور دوسری  حدیث کی سند میں حسن بن موسی الخشاب ہے؛ جسے علماء رجال قابل اعتماد نہیں سمجھتے ہیں۔ تیسری حدیث مرسل نقل ہوئی ہے جبکہ پانچویں حدیث بھی بغیر سند کے نقل ہوئی ہے۔ چھٹی حدیث کی سند میں یحیٰی بن اکثم ہے جو شیعہ امامی نہیں ہے اور علماء رجال کے ہاں  قابل اعتماد نہیں ہے۔ ساتویں اور آٹھویں حدیث سند کے اعتبار سے صحیح ہیں؛ ساتویں حدیث کو شیخ طبرسی نے "الاحتجاج" میں صحیح سند کے ساتھ امام حسن العسکریؑ سے نقل کیا ہے اور آٹھویں حدیث بھی سند کے اعتبار سے صحیح ہے۔

ساتویں حدیث میں اس بات کا ذکر ہے کہ ملائکہ کا سجدہ حضرت آدم کے لئے نہیں تھا بلکہ حقیقت میں آدمؑ قبلہ واقع ہوئے تھے پھر اس کے بعد یہ تعبیر آئی ہے: "لاینبغی لاحد ان یسجدلاحد من دون الله" خدا کے علاوہ کسی کے لئے بھی سجدہ کرنا سزاوار نہیں ہے۔ فقہاء کے درمیان اس بات پر اختلاف ہے کہ "لا ینبغی" کی ترکیب حرمت پر دلالت کرتی ہے یا نہیں؛ آیت اللہ خوئی فرماتے ہیں کہ یہ ترکیب حرمت پر دلالت کرتی ہے۔ البتہ اس روایت میں صراحت کے ساتھ کہا گیا ہے کہ ملائکہ کا سجدہ حضرت آدم کے لئے نہیں تھا۔ آٹھویں روایت میں آیا ہے کہ ایک اونٹ رسول خدا ﷺ کے نزدیک ہوا اور سجدہ ریز ہوا، وہاں پر موجود اصحاب نے پوچھا: کیا غیر خدا کے لئے سجدہ جائز ہے؟ حضرت ﷺ نے فرمایا: نہیں، اگر جائز ہوتا تو بیویوں کو حکم دیتا کہ اپنے شوہروں کو سجدہ کریں۔ اسی حدیث کی دوسری سند میں آیا ہے کہ لوگوں نے حضرتﷺ سے پوچھا ہم نے دیکھا ہے کہ بعض لوگ بعض لوگوں کو سجدہ کرتے ہیں کیا غیر خدا کے لئے سجدہ جائز ہے؟ حضرت رسول اکرم ﷺنے فرمایا: نہیں! اگر جائز ہوتا تو میں بیویوں کو حکم دیتا کہ وہ اپنے شوہروں کو سجدہ کیا کریں۔

یہی وہ روایات ہیں جن کو بنیاد بنا کر فقہاء نے غیر خدا کے لئے سجدہ  کے حرام ہونے کا فتوی دیا ہے۔ مشہور فقیہ صاحب جواہر اس بارے میں فرماتے ہیں: ''و يحرم فعله لغير اللَّه للنهي عنه في النصوص'' غیراللہ کے لئے سجدہ کرنا حرام ہے کیونکہ روایات میں اس سے منع کیا گیاہے۔ آپ نے دلیل کے طور پر "وسائل الشیعہ" میں اس حوالے سے تمام روایات کو ذکر کیا ہے۔  روایات سے قطع نظر اگرچہ بعض کلامی، فلسفی اور تفسیری مباحث میں یہ بات مذکورہے کہ اگر قصد ربوبیت سے خالی ہو تو غیراللہ کی تعظیم اور تکریم کے لئے سجدہ جائز ہے لیکن جیساکہ پہلے گزر چکا کہ کم از کم دو روایات ایسی ہیں جن کی سند صحیح ہیں اور ان میں غیراللہ کے لئے سجدہ کرنے سے روکا گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ تمام مشہور فقہاء کے نزدیک سجدہ خدا کے ساتھ مخصوص ہے اور غیراللہ کے لئے حرام ہے۔
نوٹ: یہاں پر بیس صفحوں پر مشتمل تحققی مقالہ کو خلاصہ کر کے کالم کی شکل میں پیش کیا گیاہے۔
خبر کا کوڈ : 863372
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش