0
Friday 23 Apr 2021 17:35

کتاب دوستی

کتاب دوستی
تحریر :سید شکیل بخاری ایڈووکیٹ

مشہور قول ہے: ”وہ با تہذیب نہیں ہوتے جو کتاب سے انس نہیں رکھتے۔“ کتاب دوستی ایسا عمل ہے جس سے انسان تھوڑے وقت میں زیادہ لمبا سفر طے کرسکتا ہے اور اپنی روح کو اوج ثریا تک پہنچا سکتا ہے۔ رہبر معظم سید علی خامنہ ای حفظ اللہ نے کتاب اور اس کے مطالعہ کی اہمیت پر کافی زور دیا ہے، فرماتے ہیں: "عظیم لوگوں کی صفت ہے کہ دو منٹ بغیر ہوا، دو ہفتے بغیر پانی کے اور زندگی کے کئی برس بغیر سرمائے کے گزار سکتے ہیں، مگر ایک لمحہ بھی کتاب کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتے۔"

مطالعہ دراصل برگزیدہ شخصیات کی زندگی کو جاننے، ان کے تجربات سے آگاہی حاصل کرنے کا نام ہے۔ آپ مطالعہ کے ذریعے ان شخصیات سے ملاقات کرتے ہیں، ان کے تاثرات اور پیغام کو سمجھتے ہیں، جس سے استفادہ کرتے ہوئے آپ اپنے مستقبل کو روشن کرسکتے ہیں۔ کتاب کے مطالعے سے آپ اپنی کمزوریوں سے واقف ہوتے ہیں اور انہیں بہتر کرنے میں مصروف ہو جاتے ہیں، لیکن اگر آپ مطالعہ نہ کریں تو اپنی کمزوریوں سے واقف نہ ہوسکیں گے، جس سے آپ کی زندگی کی رفتار کم ہوتے ہوتے کمزور پڑ جائے گی۔ مطالعہ کے ذریعے اچھے برے کی پہچان ہوتی ہے اور آپکے شعور میں بہتری اور پختگی پیدا ہوتی ہے، اس طرح آپ کائنات شناسی، خود شناسی اور خدا شناسی میں اپنے اندر زیادہ استعداد پیدا کرسکتے ہیں۔

مطالعہ کرنے والا شخص جب لائیبریری میں کتب کے درمیان کھڑا ہوتا ہے تو ایسے جیسے ماہر فلسیوف، ہر دور کے ماہرین، عقلاء، فضلاء، مجتہدین، افلاطون، علامہ اقبال، امام خمینی، امام غزالی، ارسطو اور مطہری رحمۃ اللہ کی محفل میں کھڑا ہوتا ہے، ان کے علم اور تجربے کے سامنے کھڑا ہوتا ہے اور اپنی استطاعت کے مطابق استفادہ بھی کرسکتا ہے۔ مطالعہ سے وسوسہ اور غم دور ہوتا ہے۔ ناحق لڑائی جھگڑے سے حفاظت رہتی ہے۔ فارغ اور بے کار لوگوں سے بچاؤ رہتا ہے۔ زبان کھلتی ہے اور کلام کا طریقہ آتا ہے۔ ذہن کھلتا ہے اور دل تندرست ہوتا ہے۔ علوم حاصل ہوتے ہیں۔ لوگوں کے تجربات اور علماء و حکماء کی حکمتوں کا علم حاصل ہوتا ہے۔ دینی کتب کے مطالعہ سے ایمان تازہ ہوتا ہے۔

مطالعے کے لئے صحیع اور درست کتابوں کا انتخاب ضروری ہے، جس کے لئے آپ کسی  استاد، کتاب بین اور آگاہ شخص سے مشورہ کرسکتے ہیں۔ ایسی کتب کا مطالعہ کریں، جو آپ کو کامیابی کی دہلیز تک لے جائیں۔ جگر مراد آبادی کا شعر ہے:
کامل رہبر قاتل رہزن
دل سا دوست نہ دل سا دشمن

کتاب رہبر بھی ہے، جو آپ کو کنارے تک لے جاتی ہے اور کتاب رہزن بھی ہے، جو آپ کو ڈبو سکتی ہے، اس لیے کتاب کی تشخیص میں کبھی سستی نہ کریں۔ فائدہ مند، اصلاح نفس اور معاشرے کی اصلاح کے لئے اچھی کتب کا چناؤ کیجیے۔
خبر کا کوڈ : 928868
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش