0
Sunday 28 May 2017 14:39

ملی یکجہتی کونسل

اسلام ٹائمز۔ ملی یکجہتی کونسل پاکستان یوم القدس کے موقع پر ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی اسلام آباد کے ناظم زبیر فاروق نے ملی یکجہتی کونسل پاکستان کی یوم القدس کے انتظامی امور کے حوالے سے منعقدہ مشاورتی اجلاس میں کیا۔ انھوں نے کہا کہ یوم القدس کے پروگراموں میں نہ صرف دینی و مذہبی جماعتیں شامل ہوں گی بلکہ سول سوسائٹی، تاجر برادری اور وکلاء سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی کے افراد بھی بڑھ چڑھ کرحصہ لیں گے۔ اس موقع پر ملی یکجہتی کونسل کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل ثاقب اکبر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 1948ء سے اب تک ایک کروڑ 24 لاکھ فلسطینی مہاجر کیمپوں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ پاکستان کے عوام ہی ہیں جنہوں نے حکمرانوں کو اب تک اسرائیل جیسی غاصب ریاست کو تسلیم کرنے سے روکے رکھا ہے ورنہ ہمارے حکمرانوں سے کچھ بعید نہیں کہ یہ اپنے بیرونی آقاوں کے اشارے پر اسرائیل کو تسلیم کر لیتے۔
ثاقب اکبر نے مزید کہا کہ ہمیں یوم القدس کے موقع پر کشمیری بھائیوں پر بھارتی مظالم کےخلاف بھی آواز اٹھانی چاہیے۔ اس موقع پر جماعت اہل حرم کے سربراہ مفتی گلزار احمد نعیمی نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل پاکستان کا یہ اقدام مسئلہ فلسطین کو ایک نئی جہت اور زندگی دے گا جس میں نوجوانوں کی شرکت خوش آئند ہے۔ تحریک احیائے خلافت کے امیرقاضی ظفر الحق نے کہا کہ اللہ تعالی نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ و سلم کو یہ اعزاز بخشا کہ ان کی امت کو دو قبلے عطا کیے مگر بدقسمتی سے ہمارے قبلہ اول پر یہودی قابض ہیں۔ ہمیں اس مسئلے کو دینی طور پر بھی اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہمیں فلسطین کے ساتھ ساتھ کشمیر کے مظلوم بھائیوں کے حقوق کے لیے بھی آواز اٹھانی چاہیے۔ دیگر مقررین نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ان کی جماعتیں قبلہ اول کی آزادی کی تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گی اور یوم القدس کے موقع پر کارکنان کی ایک بڑی تعداد ریلی میں شریک ہوگی۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین، پاکستان عوامی تحریک، امامیہ اسٹوڈنٹ آرگنائزیشن ، جمعیت علماءاسلام، جمعیت علماءپاکستان، جماعت اہل حدیث، اور اتحاد العلماء کے عہدیداران نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 641259
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش