0
Saturday 6 Aug 2022 16:00
اتحاد المسلمین کے زیراہتمام اندرونی کاٹھی دروازہ سے تاریخی جلوس عزا برآمد

حکومت آٹھویں محرم کے جلوس پر عائد پابندی ہٹا کر آزادی مذہب کا ثبوت دے، مولانا مسرور انصاری 

حکومت آٹھویں محرم کے جلوس پر عائد پابندی ہٹا کر آزادی مذہب کا ثبوت دے، مولانا مسرور انصاری 
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر اتحاد المسلمین کے زیراہتمام ساتویں محرم الحرام کا تاریخی جلوس عزاء اندرون کاٹھی دروازہ سے برآمد ہوا، جس میں لاکھوں کی تعداد میں عزاداران امام حسین ؑ نے شرکت کرکے امام عالی مقام حضرت امام حسین ؑ اور آپ کے رفقاء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ جلوس عزاء کی برآمدگی سے قبل اتحاد المسلمین کے صدر مولانا مسرور عباس انصاری نے عزاداروں کے جم غفیر سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے قیام کربلا کے اصل اہداف و مقاصد بیان کرتے ہوئے کربلائی نظریات و افکار کو دور حاضر کی اہم ترین ضرورت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ عالم انسانیت کربلا کے ان عظیم الشان جانثاروں کی قربانیوں پر فخر کر رہے ہیں، جو قربانیاں حق و صداقت کی علمبرداری کے لئے فقید المثال ہے۔ مولانا نے کہا کہ کربلا کے جانثاروں کے عزم و استقلال، جرائت، شجاعت، صبر اور حمایت حق ہمارے لئے نمونہ عمل ہے اور ان جانثاروں کی طرز زندگی سے ہمیں سبق حاصل کرنا چاہیئے۔

مولانا نے کہا کہ کربلا جابرانہ اور ظالمانہ حکومتوں پر وہ دھبہ ہے، جو تا روز قیامت نہیں مٹ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلا کی یاد میں عزاداری ظلم اور ظالموں کے خلاف احتجاج ہے، جو ظلم کے آخری لمحے اور ظالم کے آخری سانس تک جاری رہے گا۔ مولانا نے آٹھویں محرم الحرام کے سلسلے میں عزاداروں کی ہراسانی، تھانہ طلبی اور گرفتاری پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے بوکھلاہٹ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ آٹھویں محرم الحرام کے جلوس عزاء کو پرامن طریقہ سے نکالنے کی اجازت دی جائے، تاکہ اسے عقیدت و احترام کے ساتھ برآمد کیا جا سکے۔ انہوں نے صاف لفظوں میں کہا کہ عزاداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، یہ ایک مذہبی فریضہ ہے، لہذا مسلمانوں کو اس فریضہ کی ادائیگی کا حق دیا جائے۔ تاریخی جلوس عزاء امام بارگاہ حسن آباد میں اختتام پذیر ہوا۔
خبر کا کوڈ : 1007931
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش