0
Sunday 2 Oct 2022 18:39

عمران خان کا گھسا پیٹا بیانیہ بہت جلد دفن ہونیوالا ہے، سعد رضوی

عمران خان کا گھسا پیٹا بیانیہ بہت جلد دفن ہونیوالا ہے، سعد رضوی
اسلام ٹائمز۔ امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی نے کہا کہ لندن میں بیٹھا نااہل اور بھگوڑا سزا یافتہ مجرم ملکی فیصلے کرنے کا حق نہیں رکھتا، موجودہ اور سابقہ حکمرانوں میں سے کوئی بھی ملک کیساتھ مخلص نہیں، اقتدار کی نورا کشتی میں ملک کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے، غریب دو وقت کی روٹی سے مجبور اور حکمران عوام کی جیبوں پر ڈاکے ڈالنے میں مصروف ہیں، قوم کو تقسیم کسی صورت نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 22 لاکھ سے زیادہ مقدمات ملک بھر کی عدالتوں میں زیر التوا ہیں، غریب آدمی انصاف کیلئے سالوں سے عدالتوں کے چکر لگانے پر مجبور ہیں، کرپٹ اور ملکی خزانوں کو لوٹ کر جائیدادیں بنانے والوں کو فوری ریلیف ملنا غریب آدمی کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے، غریب اور امیر کیلئے الگ نظام انصاف کا سسٹم معاشرے میں بگاڑ کی وجہ بنا ہوا ہے، آنیوالے ایام ملکی حالات کیلئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، ملکی ترقی و خوشحالی آئین و قانون کی بالادستی سے ہی منسلک ہے۔

حافظ سعد رضوی کا مزید کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں کو ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کرنا انتہائی شرمناک فعل ہے، سیاستدانوں کے پاس نوجوان نسل کو قائل کرنے کیلئے اب کچھ نہیں بچا، ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں کو مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے طریقے، کردار سازی، اعلیٰ اخلاق، جدید ٹیکنالوجی، تیزی سے ترقی کرتی دنیا کے تقاضے، نوجوانوں میں وطن سے محبت کے جذبے کو ابھارنا، انہیں ملک کی خدمت کیلئے ذہنی طور پر تیار کرنے کا سبق دینا ضروری ہے، اگر کوئی سیاستدان فکری گفتگو یا نفرت کو کالج اور یونیورسٹی میں داخلے سے پہلے دفن نہیں کر سکتا تو اسے تقریر کی اجازت ہرگز نہیں ملنی چاہیے۔ عمران خان کو لعن طعن، برائی، الزامات کے سوا کچھ نہیں آتا، عمران خان کا گھسا پیٹا بیانیہ بہت جلد دفن ہونیوالا ہے۔چلے ہوئے کارتوس اب ناکارہ اور زنگ آلودہ ہوچکے ہیں۔ آنیوالا وقت حب الوطنی سے سرشار نوجوان قیادت کا ہے، عوامی طاقت سے اسلام، پاکستان اور عوام کے منشور کو گھر گھر پہنچائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 1017263
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش