1
Sunday 20 Nov 2022 23:30

اصغریہ تحریک کا سالانہ مرکزی مجلس عمومی اجلاس اختتام پزیر، شہزاد رضا نئے مرکزی صدر منتخب

اصغریہ تحریک کا سالانہ مرکزی مجلس عمومی اجلاس اختتام پزیر، شہزاد رضا نئے مرکزی صدر منتخب
اسلام ٹائمز۔ اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان کا 7واں سالانہ مرکزی مجلس عمومی اجلاس اختتام پزیر ہوگیا، شہزاد رضا نئے مرکزی صدر منتخب ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان کا 7واں سالانہ مرکزی مجلس عمومی اجلاس 19، 20 نومبر 2022ء ہفتہ اور اتوار سکرنڈ سٹی ضلع نوابشاہ سندھ میں منعقد کیا گیا، جس میں کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، مٹیاری، نوابشاہ، خیرپورمیرس، سکھر، گھوٹکی، دادو، شکارپور، لاڑکانہ، جیکب آباد، کے این شاہ، جامشور سمت سندھ کے دیگر شہروں سے مجلس عمومی کے اراکین نے شرکت کی۔ 19 نومبر 2022ء بروز ہفتہ اجلاس کے پہلے روز مرکز، ڈویژن اور اضلاع کی کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی۔ اسلامی معاشرہ سازی مجلس عمومی اجلاس سے چیئرمین اصغریہ تحریک انجینئر سید حسین موسوی نے خطاب کیا۔ مجلس عمومی اجلاس میں مجلس اعلیٰ کے قائم مقام صدر سید پسند علی رضوی کی زیر صدارت مرکز، ڈویژن اور اضلاع کے صدور کے انتخابات کرائے گئے۔ عمومی اجلاس کے دوسرے روز 20 نومبر بروز اتوار جلسہ عام بعنوان یوم امام حسینؑ کا انعقاد کیا گیا۔

یومِ امام حسینؑ سے مولانا سجاد حسین آہیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کربلا کو واقعہ یا حادثہ کہنا زیادتی ہے، حقیقت میں کربلا کو نہ سمجھنے کا نتیجہ یہ ہے کہ ہم کربلا کو واقعہ کہتے ہیں، جس کام کو تسلسل بخشا جائے، وہ واقعہ یا حادثہ نہیں ہوتا، وہ تحریک ہوتی ہے، کربلا حقیقت میں ایک تحریک کا نام ہے۔ یومِ امام حسینؑ میں مولانا محمد بار زیدی نے کہا کہ اپنے اہداف کو آگے پہنچانے کیلئے جیسا ماحول ہو، ویسے انتظامات کئے جاتے ہیں، یہی پہلو ہمیں امام حسنؑ اور امام حسینؑ کی زندگی میں ملتے ہیں، امام حسینؑ نے کربلا کا راستہ حالات کے مطابق اپنایا، کیونکہ وہ دیکھ رہے تھے کہ اگر اس ظالم نظام کے خلاف قیام نہیں کیا گیا، تو دین ختم ہو جائے گا، امام حسینؑ نے حق و باطل کے درمیان قیامت تک کیلئے ایک لائن کھینچ دی، امام حسینؑ کا راستہ حق کا راستہ ہے۔ یومِ امام حسینؑ سے خطاب کرتے ہوئے انیجینئر حسین موسوی نے کہا کہ امام حسینؑ کے کارناموں اور تحریک کو اچھے طریقے سے سمجھنے کی ضرورت ہے، لیکن نہ تو ہم امام حسینؑ کی تحریک کو سمجھ سکے ہیں اور نہ سمجھا سکے ہیں، ہم صرف امام حسینؑ کے ساتھ اپنی عقیدت کا اظہار کرتے ہیں، امام حسینؑ کو جذباتی مومنوں کی نہیں بلکہ معرفت، علم اور بہادر مومنوں کی ضرورت ہے۔

حسین موسوی کا مزید کہنا تھا کہ امام حسینؑ کی تحریک میں سیدہ زینب (س) کا بڑا اہم کردار ہے، یومِ حسینؑ اصل میں یومِ سیدہ زینبؑ ہے، کیونکہ کربلا کی زمین پر کربلا بنانے والے امام حسینؑ ہیں لیکن اسی کربلا کو پوری دنیا تک پہنچانے والی شخصیت کا نام سیدہ زینب (س) ہے۔ یومِ امام حسینؑ سے مولانا غلام رضا سریوال، مولانا مختار امامی اور شہزاد رضا نے خطاب کیا۔ مولانا مختار امامی نے صدارتی خطاب کے بعد مرکز، ڈویژن اور اضلاع کے نئے منتخب صدور کا اعلان کیا، جس کے مطابق شہزاد رضا اصغریہ تحریک کے نئے میر کاروان منتخب ہوگئے۔ مولانا مختار امامی نے منتخب مرکزی صدر سے حلف لیا۔ مرکزی مجلس عمومی اجلاس کا اختتام دعائے امام زمانہؑ سے ہوا۔
خبر کا کوڈ : 1025817
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش