0
Sunday 2 Oct 2011 09:59

عوام بجلی کا بل نہیں دے سکتے، ٹیکس کہاں سے دیں گے؟ عبدالواحد

عوام بجلی کا بل نہیں دے سکتے، ٹیکس کہاں سے دیں گے؟ عبدالواحد
گلگت:اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان قومی موومنٹ کے صدر عبدالواحد نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں ٹیکس نافذ کرنے والے ٹیکس کے ذریعے مزید کرپشن کرنا چاہتے ہیں، گلگت بلتستان میں ٹیکس کا نفاذ عوام پر ایک اضافی بوجھ ہوگا، پہلے حکومت گلگت بلتستان کے عوام کو ان کے آئینی حقوق دے اور دیگر صوبوں کی طرح سہولیات فراہم کرے، بعد میں ٹیکس نافذ کرنے کا دعوا کرے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے پسے اور مفلوم عوام سے ٹیکس وصول کرنے کیلئے بڑھنے والے ہر ہاتھ کو ہم کاٹ دیں گے، ٹیکس نافذ کرنے کی باتیں کرنے والے پہلے گلگت بلتستان کو دیگر صوبوں کی طرح قومی اسمبلی میں نمائندگی دلائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے جو سلوک گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ روا رکھا ہوا ہے اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت گلگت بلتستان کے عوام سے ذرہ بھی مخلص نہیں ہے، بے روزگاری، غربت، بدامنی، کرپشن اور لوٹ کھسوٹ اپنے عروج پر ہے جس کے باعث عوام ذہنی اذیت کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام اس وقت بجلی کا بل دینے کی حالت میں نہیں ہیں تو ٹیکس کیونکر دے سکتے ہین؟ انہوں نے کہا کہ دیگر صوبوں کے برابر گلگت بلتستان کو حقوق دئیے بغیر ٹیکس نافذ کرنا عوام کے ساتھ سراسر زیادتی ہوگی جس کو ہم کسی بھی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان میں ٹیکس نافذ کرنے کے بجائے علاقے سے بے روزگاری، غربت، بدامنی اور کرپشن کے خاتمے کے لئے اقدامات کرے، گلگت بلتستان قومی مومنٹ ہر پلیٹ فارم سے ٹیکس نافذ کرنے کی مخالفت کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 102832
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش