0
Wednesday 5 Oct 2011 03:41

گورنر خیبرپختونخوا کی زیر صدارت اعلی سطح اجلاس، کرم ایجنسی میں امن وآمان کی صورتحال پر غور

گورنر خیبرپختونخوا کی زیر صدارت اعلی سطح اجلاس، کرم ایجنسی میں امن وآمان کی صورتحال پر غور
پشاور:اسلام ٹائمز۔ گورنر خیبرپختونخوا بیرسٹر مسعود کوثر کی صدارت میں اعلی سطح کے ایک اجلاس میں کرم ایجنسی میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ گورنر ہاؤس منعقدہ اجلاس میں کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل آصف یاسین ملک، انسپکٹرجنرل فرنٹیئر کور میجرجنرل نادرزیب، سیکرٹری لاء اینڈ آرڈر فاٹا، کمشنر کوہاٹ، سیکرٹری برائے گورنر اور پولیٹیکل ایجنٹ کرم ایجنسی نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایجنسی کی مجموعی صورتحال کاجائزہ لیتے ہوئے ایجنسی میں شرپسندوں اور عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن کی کامیابی پر اطمینان ظاہر کیا گیا۔ اجلاس میں یہ بات نوٹ کی گئی کہ ایجنسی میں حالات پہلے کے مقابلے میں کافی بہتر ہیں اور عزم ظاہر کیا گیا کہ امن کی بحالی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو ہر حال میں برقرار  رکھا جائیگا تاکہ عوام کی جان ومال کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔
اجلاس میں ایجنسی کے عوام پر زور دیا گیا کہ وہ امن اور بھائی چارے کو فروغ دینے اور پائیدار امن کے قیام کے لئے حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔ گورنر مسعود کوثر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قانون نافذکرنے والے اداروں اور پولیٹیکل انتظامیہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے فاٹا کے اس حصے میں امن وامان کی بحالی کیلئے ان کی کوششوں کی تعریف کی۔ گورنر نے کہاکہ حکومت کو کرم ایجنسی کے عوام کی مشکلات کا بھرپور احساس ہے اور ان مشکلات کو کم کرنے کیلئے کسی اقدام سے گریز نہیں کرے گی۔ گورنر نے پولیٹیکل حکام کو ہدایت کی کہ ایجنسی میں امن وامان کی ہر کوشش میں ملکان، مشران اور عوام کو شریک کریں۔ گورنر نے کہاکہ کرم ایجنسی کے عوام محب وطن اور پاکستان کے وفادار ہیں۔ وہ امن پسند ہیں اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دے کر امن کے ساتھ زندگی گزارنے کے خواہشمند ہیں۔ گورنر نے کہاکہ ہم مٹھی بھر شر پسند عناصر کو ایجنسی کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ جو اپنے مذموم مقاصد کیلئے عوام میں غلط فہمیاں اور نفرت پیدا کرنے کی کوششیں کررہے ہیں۔ گورنر نے کہاکہ اب جبکہ ایجنسی سے شرپسندوں کا تقریباً صفایا کر دیا گیا ہے، عوام اور انتظامیہ مل کر حالات کو مزید بہتربنانے کی کوششں کریں۔
خبر کا کوڈ : 103832
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش