0
Friday 31 Mar 2023 17:44

انصار اللہ یمن کے سربراہ کا قرآن کریم کی توہین کرنیوالے ممالک کیخلاف پابندیاں عائد کرنیکا مطالبہ

انصار اللہ یمن کے سربراہ کا قرآن کریم کی توہین کرنیوالے ممالک کیخلاف پابندیاں عائد کرنیکا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ یمن کی مقاومتی تحریک "انصار الله" کے سربراہ "سید عبدالمالک بدرالدین الحوثی" نے یورپ میں قرآن کریم نذر آتش کرنے کے واقعے کی مذمت کی۔ انہوں نے مسلمانوں سے اسلام کے خلاف جنگ کے مقابلے میں ایک مضبوط موقف اختیار کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے قرآن مجید کی اہانت کرنے والے ممالک پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا۔ سید عبدالمالک بدرالدین الحوثی نے رمضان المبارک کے مناسبت سے تقریر کی۔ انصار الله کے سربراہ نے کہا کہ اسلامی مقدسات کی مسلسل توہین اور جرائم کی سربراہی صیہونی لابی کرتی ہے۔ ہماری دینی اور عقیدتی وابستگی ہم سے یہ تقاضا کرتی ہے کہ جب بھی ہمارے دین پر حملہ کیا جائے تو ہم ناراض ہوں اور اپنے غصے کا اظہار کریں۔ سید عبدالمالک الحوثی نے دشمنان اسلام کی مادیت پرستی کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ دشمنوں کے درمیان مادیت کا بُت اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ ملت اسلامیہ اُن کی اقتصادی پابندیوں کے ہتھیار کا مقابلہ کرے۔

انصار الله کے سربراہ نے کہا کہ ہمیں مسلمان ہونے کے ناطے ان ممالک کا بائیکاٹ کرنا چاہیئے، جہاں قرآن نذر آتش ہوا ہو یا جو اس مذموم اقدام کی حمایت کرتے ہوں۔ کیونکہ یہ پابندیاں یا بائیکاٹ دشمنوں کو روکنے اور اسلام کی توہین سے باز رکھنے کے لیے کافی ہیں۔ انہوں نے قرآن نذر آتش کرنے کے واقعے میں ملوث ممالک کو سبق سکھانے کے لئے امت اسلامی کے اتحاد پر زور دیا۔ سید عبدالمالک الحوثی نے کہا کہ اگر تمام مسلمان متحد ہو کر ان اہانت آمیز کارروائیوں میں ملوث ممالک پر سنجیدگی سے پابندی لگا دیں تو یہ ممالک قرآن پاک کو جلانا اور اس کی توہین کرنا بند کر دیں گے۔ حال ہی میں ہالینڈ، سوئیڈن اور ڈنمارک میں قرآن کی اہانت اور اسے نذر آتش کرنے کے واقعے سے مسلمانوں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔

اسلامی جمهوریہ ایران، ترکی، مصر، کویت، متحدہ عرب امارات، مصر، جامعہ الازهر، مسلم علماء کی عالمی اسمبلی، قطر، عربستان، انڈونیشیاء، اردن، مراکش، او آئی سی، خلیج فارس تعاون کونسل، انصارالله یمن، حزب الله لبنان، حماس اور جهاد اسلامی فلسطین نے اس توہین آمیز اقدام کے خلاف سخت موقف اپنایا۔ ان تمام ممالک، مقاومتی تنظیموں و اداروں نے اس امر کی مذمت کی، اسے نہ دہرانے اور اس کے مرتکب افراد کو سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ مذکورہ بالا اداروں و ممالک نے دیگر مذاہب کی بے حرمتی اور تشدد میں اضافے کا باعث بننے والے اقدامات کے پھیلاؤ کے بارے میں خبردار کیا۔
خبر کا کوڈ : 1049785
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش