0
Tuesday 18 Oct 2011 21:17

مغربی سرحدوں پر امریکی فوج کی تعیناتی خطرے کا الارم ہے، قوم بیدار ہو جائے، علامہ عبدالخالق اسدی

مغربی سرحدوں پر امریکی فوج کی تعیناتی خطرے کا الارم ہے، قوم بیدار ہو جائے، علامہ عبدالخالق اسدی
لاہور:اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بدامنی کا ذمہ دار امریکہ اور اس کے غلام موجودہ حکمران ہیں، امریکہ پاکستان کو اپنا اگلا ہدف بنانے کے پروگرام پر عمل پیرا ہے اور غلام حکمران اس کے ساتھ دوستی کے پینگیں بڑھانے کیلئے کوشاں ہیں۔ اسلام ٹائمز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے علامہ اسدی کا کہنا تھا کہ افغانستان کے بعد امریکہ کا اگلا ہدف پاکستان ہے اور اس کیلئے امریکہ نے اپنی فوجیں ہمارے مغربی بارڈ تک پہنچا دی ہیں، افسوس کہ ہماری حکومت کبوتر کی طرح آنکھیں بند کئے تماشا دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت امریکہ پوری بربریت کے ساتھ پاکستان کو نشانہ بنانے آ رہا ہے اور اس کا طریقہ واردات یہ ہے کہ پہلے وہ ملک میں بدامنی پھیلاتا ہے اور اس کی آڑ میں پھر اس ملک میں قیام امن کے نام پر داخل ہو جاتا ہے، پاکستان کے ساتھ بھی اس کی پالیسی اسی ڈگر پر چل رہی ہے۔ افغانستان میں شکست کے بعد اس کا اگلا ہدف پاکستان کا ایٹمی پروگرام ہے، امریکہ پاکستان میں فرقہ واریت پھیلا کر بدامنی پیدا کر رہا ہے اور اس بدامنی کی آڑ میں وہ پاکستان میں اپنی فوجیں اتارنے کا خواہش مند ہے۔ 
علامہ اسدی نے کہا کہ بلوچستان کے واقعات ہوں یا کراچی میں قتل وغارت کا سلسلہ، اس کی کڑیاں واشنگٹن سے ہی جا کر ملتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ بزدل ملک ہے جو ایران کے خلاف جارحیت کرنے سے گھبراتا ہے کیونکہ اسے علم ہے کہ اگر ایران کے ساتھ محاذ آرائی کی تو اس کی جانب سے عبرتناک انجام سے دوچار ہونا پڑے گا، ایران پر جارحیت کے نتیجے میں امریکہ کا کھوکھلا پن دنیا کے سامنے آ جائے گا۔ علامہ اسدی نے کہا کہ پاکستان میں بھی تمام مذہبی وسیاسی جماعتوں کو متحد ہو کر دشمن کے مقابلہ کے لئے تیار ہونا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ملت تشیع پاکستان اپنے وطن کے دفاع کے لئے ہراول دستہ ثابت ہو گی، اس حوالے سے دیگر جماعتیں اور مکاتب فکر بھی آگے بڑھیں اور اپنے وطن سے امریکہ کے نجس وجود کو نکال باہر پھینکیں، کیونکہ جب تک امریکہ کا وجود پاکستان میں رہے گا، ملک میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔
خبر کا کوڈ : 107399
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش