0
Friday 28 Oct 2011 21:34

ڈرون حملوں کیخلاف تحریک انصاف کی احتجاجی ریلی، حکومت حملے رکوانے کیلئے جراتمندانہ اقدامات کرے، عمران خان

ڈرون حملوں کیخلاف تحریک انصاف کی احتجاجی ریلی، حکومت حملے رکوانے کیلئے جراتمندانہ اقدامات کرے، عمران خان
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ڈرون حملوں میں معصوم انسانوں کا قتل عام ہو رہا ہے، حکومت یہ حملے رکوانے کیلئے امریکہ سے جراتمندی سے بات کرے۔ اسلام آباد میں منعقدہ قبائلی جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قبائلی عوام ڈرون حملوں اور آپریشن میں گھر کر رہ گئے ہیں، جو دہشتگردی انتہا پسندی اور نفرت کو فروغ دینے کا سبب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون حملے اقوام متحدہ کے عالمی قوانین، چارٹر اور انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی ہیں جس سے قبائلی عوام کی معیشت اور بنیادی ڈھانچہ تباہ ہو کر رہ گیا ہے۔ پاکستان کو چاہیئے کہ امریکہ کی جنگ سے نکلے تاکہ محب وطن قبائلی عوام دہشتگردی کا خود خاتمہ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمرانوں کو بھی چاہیئے کہ وہ سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈرون حملے رکوانے کے لئے امریکہ سے بات کریں۔
ادھر امریکی ڈرون حملوں کیخلاف اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی قیادت میں احتجاجی ریلی چائنہ چوک سے پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے ڈی چوک تک نکالی گئی، ریلی میں عمران خان،جمائما خان اور کلائیو اسمتھ، قبائلی عمائدین اور ڈرون حملوں کا شکار ہونے والے افراد کے لواحقین نے بھی شرکت کی۔ اسلام آباد میں ریلی میں شریک شرکا ء سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں بیٹھے لوگوں کو شرم کرنی چاہیے کہ انہوں نے ڈرون حملوں کیخلاف قرارداد منظور کی مگر اس کے فوراً بعد ڈرون حملے ہو گئے، ڈینگی برادران لاہور میں جلسہ کر رہے ہیں جبکہ زرداری تو اسلام آباد میں ہیں، عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ ڈرون حملوں کے ذریعے ماورائے عدالت، قتل عام کا معاملہ ہر فورم پر اٹھائیں گے، کلائیو اسمتھ کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کی ہر سطح پر مدد کریں گے اور پاکستانی عوام ڈرون حملوں کے حوالے سے ثبوت اکٹھے کرنے میں مدد دے، کلائیو اسمتھ نے اعلان کیا کہ وہ ڈرون حملوں کیخلاف امریکا، برطانیہ، فرانس، جرمنی، بیلجیم اور پاکستان کی عدالتوں میں قانونی چارہ جوئی بھی کرینگے اور معاملے کو اقوام متحدہ اور عالمی عدالت انصاف میں بھی لیکر جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 109964
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش