0
Sunday 30 Oct 2011 19:31

قائد اعظم محمد علی جناح کی طرح مینار پاکستان سے نئے پاکستان کا آغاز کریں گے، عمران خان

قائد اعظم محمد علی جناح  کی طرح مینار پاکستان سے نئے پاکستان کا آغاز کریں گے، عمران خان
لاہور:اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں تبدیلی کے لئے پندرہ سال محنت کی اور آج ہم ایک نئے پاکستان کا آغاز کر رہے ہیں۔ جلسہ کے آغاز میں شہزاد رائے اور اسٹرنگز کے گانوں پر نوجوانوں نے والہانہ رقص کیا۔ لاہور میں مینار پاکستان پر "پاکستان بچاؤ" ریلی اور جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہماری آواز سن لی ہے، ہم مینار پاکستان سے ایک نئے پاکستان کا آغاز کریں گے۔ مینار پاکستان پر عوام کے جم غفیر سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے لاہوریوں سے بہت گلہ ہے کہ یہ بہت سست ہیں، انہیں جگانے میں بہت دیر لگتی ہے لیکن جب یہ جاگ جائیں تو کوئی طاقت ان کے سامنے ٹھہر نہیں سکتی اور انقلاب لانے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں میڈیا کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ آپ نے پاکستانی قوم کو جگا دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے مینار پاکستان سے اپنی تحریک کا آغاز کیا تھا، داتا صاحب نے بھی افغانستان سے آ کر یہں سے اسلام کی ترویج کا آغاز کیا، ہم بھی یہاں سے ایک نئے پاکستان کا آغاز کریں گے۔
تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ رائے ونڈ اور اسلام آباد والے سن لیں یہ عوام کا سیلاب نہیں بلکہ سونامی ہے جو حکمرانوں کو بہا کر لے جائے گا۔ چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ صدر آصف علی زرداری نے سابق وزیر ذوالفقار علی بھٹو کا نام استعمال کر کے قوم کو بہت بے وقوف بنایا، بھٹو نے قوم کو روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ دیا جبکہ صدر زرداری کے دور حکومت میں 16 ہزار افراد اب تک خودکشیاں کر چکے ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے، پاکستان میں 3سو ارب روپیہ کرپشن اور چوری کی نذر ہو رہا ہے، ہم اقتدار میں آ کر سب سے پہلے ملک سے کرپشن کا خاتمہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان غریب ملک نہیں بلکہ معدنی وسائل سے مالا مال ملک ہے لیکن آج غلط پالیسیوں کی وجہ سے ہمارے ملک میں توانائی کا شدید بحران ہے۔ اقتدار میں آ کر توانائی بحران سمیت تمام عوامی مسائل کا خاتمہ کریں گے کیونکہ پاکستان تحریک انصاف عوامی جماعت ہے۔
خبر کا کوڈ : 110556
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش