0
Tuesday 1 Nov 2011 23:43

امریکہ فلسطینی قوم کا دشمن اور اسرائیل کے مجرمانہ اقدامات میں برابر کا شریک ہے، فلسطینی گروہ

امریکہ فلسطینی قوم کا دشمن اور اسرائیل کے مجرمانہ اقدامات میں برابر کا شریک ہے، فلسطینی گروہ
اسلام ٹائمز- فارس نیوز ایجنسی کے مطابق مختلف فلسطینی گروہوں نے امریکہ کی جانب سے یونیسکو میں فلسطین کی نمائندگی کی مخالفت کرنے پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ فتح موومنٹ کے رہنما عبداللہ ابو سمدانہ نے کہا کہ امریکہ کا یہ اقدام کوئی نئی بات نہیں، امریکہ نے ہمیشہ سے اسرائیل کی غاصب صہیونیستی رژیم کی حمایت کی ہے اور اسرائیل امریکہ کا اسٹریٹجک اتحادی ہے، امریکہ عالمی استکبار کا مرکز ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ مختلف ممالک پر دباو ڈال رہا ہے کہ سلامتی کونسل میں فلسطین کو اقوام متحدہ کی مستقل نمائندگی دینے کے خلاف ووٹ دیں۔ امریکہ نے موقف اختیار کیا ہے کہ اگر سلامتی کونسل میں فلسطین کے حق میں ووٹ پڑے تو وہ اس قرارداد کو ویٹو کر دے گا۔
جناب ابوسمدانہ نے کہا کہ امریکہ صرف اسرائیل کے مفادات کو مدنظر رکھتا ہے اور فلسطینیوں کو پہنچنے والے ہر فائدے کو اسرائیل کا نقصان سمجھتا ہے اور اسکی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس سے بھی جان چھڑوانے کے چکروں میں ہیں کیونکہ وہ انکی مرضی کے خلاف اقوام متحدہ میں مستقل نمائندگی حاصل کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔
جہاد اسلامی: امریکہ اسرائیل کے جرائم میں برابر کا شریک ہے۔
جہاد اسلامی فلسطین نے یونیسکو میں فلسطین کو نمائندگی حاصل ہونے کو ایک مثبت قدم قرار دیا ہے۔ فلسطین اسلامک جہاد کے رہنما شیخ خضر حبیب نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے فلسطینیوں کے مسلم حقوق کے خلاف موقف اختیار کرنا اور اسرائیل کی حمایت کا اعلان کرنا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ امریکہ اسرائیل کے مجرمانہ اقدامات میں برابر کا شریک ہے اور فلسطینی قوم کے خلاف اسرائیلی جرائم کی پردہ پوشی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ تمام ممالک جنہوں نے فلسطین کے حق میں ووٹ دیا ہے انہوں نے امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے سیاسی دباو کا مقابلہ کیا ہے۔ شیخ خضر حبیب نے ان تمام ممالک کا شکریہ ادا کیا اور انکی قدردانی کی۔
حماس: عالمی برادری مسئلہ فلسطین کی حقانیت کو درک کرتی ہے۔
حماس نے تاکید کی ہے کہ یونیسکو میں فلسطین کو نمائندگی کا حق مل جانے سے ثابت ہوتا ہے کہ عالمی برادری مسئلہ فلسطین کی حقانیت کو درک کرتی ہے اور اسرائیل کی وحشی گری اور امریکہ کی جانب سے اسکی اندھا دھند حمایت کی مذمت کرتی ہے۔ حماس نے یونیسکو سمیت تمام بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل پر فلسطینی سرزمین کی تخریب، بیت المقدس اور مسجد اقصی سمیت مقدس اسلامی اور عیسائی مقامات کی بے حرمتی اور ظالمانہ کاروائیوں کو روکنے کیلئے دباو ڈالے۔
پیپلز فرنٹ: دھونس پر مبنی پالیسیوں کا مقابلہ فلسطینیوں کے حقوق حاصل کرنے کا بہترین راستہ ہے۔
پیپلز فرنٹ برائے آزادی فلسطین نے بھی یونیسکو میں فلسطین کو باقاعدہ عضویت حاصل ہونے کو ایک بڑی فتح قرار دیا اور کہا کہ اس سے ثابت ہو گیا ہے کہ آزاد سیاسی ارادہ اور دھونس پر مبنی پالیسیوں کا مقابلہ ہی فلسطینی قوم کی آزادی و خودمختاری کے حصول کا صحیح راستہ ہے۔ پیپلز فرنٹ نے امریکہ کی جانب سے فلسطینیوں کے حقوق کے حصول میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ممالک جنہوں نے صحیح اخلاقی، سیاسی اور قانونی موقف اختیار کرتے ہوئے فلسطینی قوم کے مسلم حق کی حمایت میں ووٹ دیا ہے انکا یہ اقدام قابل تعریف ہے۔
یاد رہے کل پیر کے دن پیرس میں واقع یونیسکو کے مرکزی دفتر میں فلسطین کو مستقل نمائندگی دینے کا مسئلہ زیر بحث آیا جسکے بعد 107 ممالک نے اسکے حق میں ووٹ دیا جبکہ 14 ممالک نے اسکے خلاف اور 52 ممالک جن میں امریکہ اور اسرائیل بھی شامل تھے نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
خبر کا کوڈ : 111061
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش