0
Monday 7 Nov 2011 19:08

پاکستان کو خودمختاری کیلئے کسی کے سامنے جھکنے نہیں دینگے، چینی وزیراعظم

پاکستان کو خودمختاری کیلئے کسی کے سامنے جھکنے نہیں دینگے، چینی وزیراعظم
اسلام ٹائمز۔ چین کے وزیراعظم وین جیا باوٴ نے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کو یقین دلایا ہے کہ پاکستان کو اپنی خودمختاری کے لئے غیر معمولی دباوٴ کا شکار نہیں ہونے دیں گے۔ سینٹ پیٹرز برگ میں شنگھائی تعاون کونسل کے اجلاس کی سائڈ لائن ملاقات میں دونوں رہنماوٴں نے پاک چین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ چینی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سلامتی اور خود مختاری کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان مین امن و استحکام کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔ چینی وزیراعظم نے پاک بھارت مذاکرات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات سے خطے اور عوام کو فائدہ ہو گا۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ تبت اور تائیوان کے مسئلہ پر چین کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان سے اتحادی فوجوں کے نکلنے کے بعد پاکستان کے لئے مشکلات پیدا نہیں ہونی چاہئیں۔
دیگر ذرائع کے مطابق پاکستان اور چین نے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے باہمی روابط بڑھانے پر اتفاق کر لیا۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے سینٹ پیٹرس برگ میں چینی ہم منصب وین جیاباؤ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون کے فروغ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے باہمی روابط کو مزید فروغ دیں گے۔ چینی وزیراعظم وین جیا باؤ کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان اعلٰی سطح رابطوں سے باہمی تعلقات کو فروغ ملا ہے۔ پاکستان اور چین بہترین دوست اور اسٹریٹیجک پارٹنرز ہیں۔ پاک چین تعاون نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن و استحکام کے لئے ضروری ہے۔ چینی وزیراعظم نے مزید کہا کہ باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو مزید فروغ دینا ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 112254
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش