0
Saturday 30 Mar 2024 08:11

ہندوستان میں انتخابات کے قریب آتے ہی مودی ڈاکٹرائن سامنے آ گئی، چوہدری انوار الحق

ہندوستان میں انتخابات کے قریب آتے ہی مودی ڈاکٹرائن سامنے آ گئی، چوہدری انوار الحق
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ ہندوستان میں انتخابات کے قریب آتے ہی مودی کی ساری ڈاکٹرائن پاکستان کی نفرت، تعصب اور کشمیر کے حوالے سے بغض کی پالیسی پر پوری شدومد سے بیانات دیے رہی ہے، 5 اگست 2019ء کے اقدامات کے بعد بھارتی جارحیت کو کشمیری عوام، پاکستانی عوام اور دنیا بھر کی مہذب اقوام نے یکسر مسترد کر دیا ہے. مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں، جبری گمشدگیاں، عزت کی پامالیاں روز کا معمول بن چکی ہیں. بھارتی وزیر دفاع نے آزاد کشمیر کے حوالے سے جو ہرزہ سرائی کی ہے اس پر ہندوستانی حکومت کو وارننگ دینا چاہتا ہوں کہ خواب میں چھیچھڑے دیکھنے پر کوئی پابندی نہیں ہے لیکن کشمیریوں کے جذبے اور عزم کو دنیا دیکھ چکی ہے. اقوام متحدہ اور بین الاقوامی قوانین کشمیریوں کو یہ حق دیتے ہیں کہ وہ اپنے دفاع کی خاطر مقبوضہ کشمیر کے اندر بھی جب چاہیں بھارتی غاصب قوت کے خلاف اپنا حق دفاع استعمال کر سکتے ہیں. ان خیالات کا اظہار وزیراعطم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے گذشتہ روز وزیراعطم ہاؤس میں صحافیوں کے اعزاز میں افطار ڈنر کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

چوہدری انوارالحق کا کہنا تھا کہ کشمیر کا بچہ بچہ کٹ مرے گا لیکن اپنی آزادی پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرے گا. پاکستان کشمیریوں کی امیدوں اور آرزوؤں کا محور و مرکز ہے، موجودہ دور میں میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، صحافی قلم، سوچ اور زبان سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں، ہم سب ملکر ریاست کی ترقی، کشمیر کی آزادی اور اس کے پاکستان کے ساتھ الحاق تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔
خبر کا کوڈ : 1125795
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش