0
Monday 22 Apr 2024 19:51
 پاکستان کے ساتھ بردارانہ تعلقات قابل فخر ہیں، ابراہیم رئیسی 

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال 

 ماضی میں ایران کے دوروں کے دوران سابق ایرانی قیادت کے ساتھ نتیجہ خیز تبادلہ خیال ہوا تھا، چیئرمین سینٹ 
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال 
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی ایران کے صدر ابراہیم رئیسی سے اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں ملاقات ہوئی، چیئرمین سیدسینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور معزز ایرانی وفد کا پاکستان کی آمد پر خیرمقدم کرتے ہیں۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت پارلیمانی روابط، علاقائی تعاون اور دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضاگیلانی نے اپنے آباو اجداد اور ایران کے درمیان گہرے مذہبی، روحانی اور تاریخی رشتوں پر روشنی ڈالی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ان کے آباو اجداد کا شجرہ نصب حضرت غوث الاعظم سے جا ملتا ہے۔ ملاقات میں ماضی میں بطور وزیراعظم پاکستان ایران کے دوروں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ماضی میں ایران کے دوروں کے دوران سابق ایرانی قیادت کے ساتھ نتیجہ خیز تبادلہ خیال ہوا تھا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے دوطرفہ مذاکرات کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔

 چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ مشترکہ مذہبی روایات و اقدار اور ثقافتی ورثے پر مبنی مضبوط دوطرفہ تعلقات علاقائی استحکام اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ دونوں رہنماوں کے مابین پارلیمانی تعاون، دوطرفہ تعلقات اور وفود کے بتادلوں کے حوالے سے بھی زور دیا گیا اور دونوں رہنماوں نے انسانی حقوق اور عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے یکجہتی کے ساتھ بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر ایک دوسرے کے موقف کی حمایت کو سراہا۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں اور بربریت پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ کشمیری عوام کے منصفانہ مقصد کے لیے ایران کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ دونوں رہنماوں نے علاقائی سلامتی کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا اور دہشت گردی، سرحدی سلامتی اورخطے میں امن و استحکام کی بہتری کے لئے مشترکہ عزم کا اعادہ بھی کیا۔ ملاقات میں پارلیمانی تعلقات اور ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے پر بھی زور دیا گیا۔

 ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ بردارانہ تعلقات قابل فخر ہیں۔ دونوں ممالک کے تعلقات کی بنیاد مشترکہ مذہبی اور ثقافتی اقدار ہیں۔ دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کے موقف کی ہر فورم پر بھرپور حمایت کی ہے۔ ایرانی صدر نے کہا کہ مسلم امہ کی بقا اور بہتری کے لئے مل کر کام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔دہشت گردی ہم سب کا مشترکہ مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلاموفوبیا کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا ہوگا۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور ان کے خاندان کی ایران  کے ساتھ مذہبی اور روحانی وابستگی کو سراہا۔
خبر کا کوڈ : 1130380
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش