0
Monday 14 Nov 2011 12:59

پاکستان،ایران گیس پائپ لائن منصوبہ ترک نہیں کرینگے، وزیر خارجہ

پاکستان،ایران گیس پائپ لائن منصوبہ ترک نہیں کرینگے، وزیر خارجہ
اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ پاکستان ایران گیس پائپ لائن منصوبہ ترک نہیں کرینگے، جہاں سے بھی گیس ملے گی حاصل کرینگے، پڑوسی ممالک سے تعلقات کیلئے ہر طرح کی لچک دکھانے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا خطے میں موجود ہے، تاہم خطے کا حصہ نہیں، پاک امریکا باہمی تعاون جاری رہے گا، چین کے ساتھ طویل المدت اور مضبوط اسٹریٹجک تعلقات ہیں، آئندہ دس سال میں سارک تنظیم آسیان اور یورپی یونین کی طرح ابھر کر سامنے آئیگی۔ اتوار کو یہاں دفتر خارجہ میں سارک کانفرنس اور شنگھائی کارپوریشن آرگنائزیشن میں وزیراعظم کی عالمی سربراہوں سے ہونیوالی ملاقاتوں اور اس دوران مختلف معاملات پر ہوئی پیشرفت کے بارے میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ سارک کانفرنس کے موقع پر بھارتی وزیراعظم کے ساتھ 35 منٹ کی ملاقات میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے مسئلہ کشمیر سمیت تمام امور پر تفصیلی بات کی، بھارتی وزیراعظم کی طرف سے انتہائی مثبت جواب ملا اور دونوں ممالک نے نتیجہ خیز اور ٹھوس ڈائیلاگ شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ پاکستانی وزیر داخلہ بھارت کا دورہ کرنا چاہتے ہیں، جس میں قیدیوں، ویزا کی مشکلات اور دیگر امور پر بات کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کیلئے پڑسیوں کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے اور اس کیلئے ہر طرح کی لچک دکھانے کیلئے تیار ہیں، کیونکہ ہم نے پاکستان کو آگے بڑھانا ہے نہ کہ پیچھے لے جانا ہے، اگر پڑوسیوں کے ساتھ اچھے تعلقات نہیں ہوں گے تو پھر وہی گھڑے کھودیں گے جو ماضی میں کھودتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کا پڑوسی ہے اور اس کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہم سمجھتے ہیں پاک ایران گیس پائپ لائن کا منصوبہ ترک نہیں کریں گے۔ اقوام متحدہ کی پابندیوں کے مطابق پاکستان آگے بڑھ رہا ہے اور ہمیں جہاں سے بھی گیس ملے گی اس کو لیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ کشمیر میں تشدد، گمنام قبروں اور انسانی حقوق کی پامالیاں بھارت اور بین الاقوامی میڈیا سے پوشیدہ نہیں ہیں، برطانوی پارلیمنٹ بھی ان پامالیوں پر بحث کر چکی ہے۔
خبر کا کوڈ : 113877
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش