0
Tuesday 15 Nov 2011 17:56

بات کرنا آسان ہے، تبدیلی لانا مشکل، حکومت نے لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم کر دیا، نواز شریف

بات کرنا آسان ہے، تبدیلی لانا مشکل، حکومت نے لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم کر دیا، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم کر رکھا ہے اور قومی ادارے تباہ کر دئیے گے ہیں۔ ماڈل ٹاون لاہور میں طلبہ کے وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ کرپشن سے قومی ادارے تباہ ہو گئے ہیں۔ ہم نے بجلی کی قیمتیں کم کیں، موجودہ حکومت نے بڑھا دیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آئی تو عوام کو سبسڈی دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کو فلائی کرتے رہنا اور ریل کا پہیہ چلتے رہنا چاہیے تھا۔ نواز شریف نے کہا کہ بلٹ ٹرین کا منصوبہ ہم نے دیا تھا جیسے ہی ہم نے اس پر کام شروع کیا تو حکومت ختم کر دی گئی۔ مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ ملک میں دیانتداری کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے طلبہ کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا کیونکہ طلبہ ملک کا اثاثہ ہیں۔
دیگر ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو اکسانے والے بہت ہیں، لیکن نوجوان ان کی باتوں میں نہ آئیں۔ ملک میں کرپشن ہے ٹرانسپرنسی نہیں۔ مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف نے لاہور میں آج نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی کی وجہ سے ریلوے سمیت ملک کے اہم ادارے تباہ ہو چکے ہیں۔ ملک میں لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم ہے اور غریب، غریب تر ہوتا جا رہا ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ تبدیلی کا نعرہ لگانا بہت آسان ہے مگر تبدیلی لا کر دکھانا بہت مشکل ہے۔ مسلم لیگ نون کے قائد نے کہا کہ انہوں نے تبدیلی کی بات کی تو لا کر بھی دکھائی۔ لانگ مارچ کے ذریعے ججز کی بحالی بہت بڑی تبدیلی تھی۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو اکسانے والے بہت سے لوگ میدان میں نکل آئے ہیں۔ نوجوان ان کی باتوں میں نہ آئیں۔ نواز شریف نے کہا انہوں نے اپنے دور حکومت میں بجلی کی قیمتیں کم کی تھیں۔ اقتدار میں آ کر سبسڈی کے ذریعے عوام کو ریلیف دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 114160
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش