0
Wednesday 16 Nov 2011 13:27

مصطفوی اسٹوڈنٹس موومنٹ کا 19 نومبر کو لاہور میں بیداری شعور طلبہ اجتماع کروانے کا اعلان

مصطفوی اسٹوڈنٹس موومنٹ کا 19 نومبر کو لاہور میں بیداری شعور طلبہ اجتماع کروانے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ مرکزی صدر مصطفوی اسٹوڈنٹس موومنٹ تجمل حسین نے دعویٰ کیا کہ لاہور کی تاریخ کا یہ سب سے بڑا طلبہ اجتماع ہو گا، جس میں پاکستان کے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے 50 ہزار سے زائد طلباء و طالبات شریک ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مصطفوی طلبہ کا یہ اجتماع قوم کو پیغام دے گا کہ ملکی استحکام اور معاشرے میں کردار سازی کے ذریعے حقیقی تبدیلی کے لئے مادر وطن کےانقلابی طلبہ بیدار ہو چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مصطفوی اسٹوڈنٹس موومنٹ نے تنگ نظری، انتہا پسندی اور دیگر منفی رویوں کے خلاف ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہ ہماری کوشش ہو گی کہ عوام آئندہ انتخابات کا بائیکاٹ کریں اور اس کرپٹ نظام کا حصہ نہ بنیں۔
تجمل حسین نے کہا کہ اجتماع سے تحریک منہاج القرآن کے بانی سربراہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری اپنے خطاب میں موجودہ ملکی حالات کے حوالے سے طلبہ اور نوجوان کو اہم پیغام دیں گے اور پاکستان میں حقیقی تبدیلی کیوں اور کیسے کے موضوع پر خطاب کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ اور نوجوان کسی بھی قوم کا مستقبل ہوتے ہیں اور ملکی حالات پر انکی گہری نظر ہوتی ہے، گھمبیر حالات نے جہاں زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے کروڑوں افراد کو بری طرح متاثر کیا ہے، وہاں طلبہ کے حقوق بھی پامال ہو رہے ہیں۔ کرپشن، جان توڑ مہنگائی، ناانصافی، بے روزگاری اور فرسودہ نظام تعلیم نے معاشرے کو مفلوج کر دیا ہے۔ ادارے تباہ ہو چکے ہیں، آئین کو موم کی ناک بنا دیا گیا ہے اور عوام اور ان کے حقوق کے درمیان خلیج اتنی بڑھ گئی ہے کہ وہ زندگی کی بنیادی سہولتوں سے بھی محروم ہو چکے ہیں۔ ان حالات میں ناگزیر ہو گیا ہے کہ مثبت تبدیلی کے لئے طلباء و طالبات وہی کردار ادا کریں، جو انہوں نے تحریک پاکستان کے وقت کیا تھا۔
 تجمل حسین نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیادت میں مصطفوی اسٹوڈنٹس موومنٹ کے لاکھوں طلبہ ملک میں مثبت اور حقیقی تبدیلی کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے اور ہم ملک کو نااہل اور کرپٹ قیادت سے نجات دلانے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مصطفوی اسٹوڈنٹس موومنٹ سے وابستہ طلباء و طالبات نے ہمیشہ علم کے کلچر کو فروغ دیا ہے، قلم، کتاب اور کردار ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم منفی رویوں کے ذریعے درس گاہوں میں تعلیمی ماحول کو خراب کرنیوالوں کو بھی آگاہ کرنا چاہتے ہیں کہ طلباء کی اولین ترجیح علم کا حصول ہے، اسی ترجیح کو ملحوظ خاطر رکھ کر ہی ملکی ترقی کےلئے کردار اد ا کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شعور کی بیداری مصطفوی اسٹوڈنٹس موومنٹ کی ترجیحات میں سر فہرست ہے، یہی رویہ ملک میں حقیقی تبدیلی لا سکتا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ایم ایس ایم کے مرکزی صدر نے کہا کہ مصطفوی اسٹوڈنٹس موومنٹ تعلیمی اداروں میں یونینز کی بحالی اور انتخابات کی مخالف ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ یونینز کے انتخابات نے تعلیمی اداروں میں کلاشنکوف کلچر کو فروغ دیا، جس سے سینکڑوں طلبہ اپنی قیمتی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
خبر کا کوڈ : 114300
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش