0
Monday 21 Nov 2011 21:55

ٹانک میں شدت پسندوں کو ہنر سیکھانے کیلئے تربیتی مرکز کا افتتاح

ٹانک میں شدت پسندوں کو ہنر سیکھانے کیلئے تربیتی مرکز کا افتتاح
اسلام ٹائمز۔ کور کمانڈر پشاور آصف یاسین ملک نے ہیلہ پروگرام کا افتتاح کیا، افتتاحی تقریب کے موقع آپریشنل کمانڈر جنوبی وزیرستان میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ بھی موجود تھے، ہیلہ پروگرام کے افتتاح کے موقع کور کمانڈر آصف یاسین ملک نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ ہیلہ پروگرام کے تحت گرفتار مشتبہ افراد کی مثبت ذہن سازی کے لیے انھیں فنی تربیت دی جا رہی ہے، اس قسم کا پہلا سنٹر سوات میں کھولا گیا، اس وقت ٹانک سمیت آٹھ جگہوں پر اس قسم کے تربیتی سنٹر کھولے گئے ہیں ،ان کا کہنا تھا کہ یہ عام لوگ تھے، جو بے راہ روی کا شکار ہو گئے، ان کو مذہب کے نام سے استعمال کیا جا رہا تھا، یہاں انھیں مذہبی تعلیم بھی دی جا رہی ہے۔
گرفتار مشتبہ افراد کو مختلف پروگراموں جن میں ٹیلرنگ، الیکٹریشن، کارپینٹر اور مختلف پروگراموں کی تربیت دی جا رہی ہے، تاکہ وہ ہنر مند بن کر روزگار کے قابل ہو سکیں۔ کور کمانڈر آصف یاسین ملک نے کہا کہ جنوبی وزیرستان کے 80 فیصد سے زائد علاقے میں حکومتی رٹ بحال کر دی گئی، ان کا کہنا تھا کہ 30 تا 40 دیہاتوں کو متاثرین جنوبی وزیرستان کی واپسی ہو چکی ہے، جنوبی وزیرستان میں مبینہ دیہاتوں میں بجلی، پینے کے پانی کی فراہمی، صحت اور تعلیم کے مراکز فعال کر دیئے گئے ہیں، ایک سوال کے جواب میں انھوں نے بتایا کہ کسی کو حق نہیں کہ آزاد شہری کو بتائے کہ زندگی کیسے گزاری جائے، ان کا کہنا تھا کہ ہیلہ پروگرام کے تحت تربیت پانے والوں کی آبادکاری کے بعد بھی مدد کی جائے گی۔
دیگر ذرائع کے مطابق کور کمانڈر پشاور آصف یاسین ملک نے جنوبی وزیرستان میں شدت پسندوں کے خلاف آپریشن کے دوران گرفتار کئے گئے معمولی جرائم میں ملوث ملزمان کی تربیت کے لئے ضلع ٹانک میں تربیتی سینٹر کا افتتاح کر دیا۔ تربیتی سینٹر کی افتتاحی تقریب جنوبی وزیرستان کے ضلع ٹانک میں منعقد کی گئی۔ تقریب کے بعد کور کمانڈر پشاور آصف یاسین ملک نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ جنوبی وزیرستان کو شدت پسندوں کے قبضے سے مکمل طور پر کلیئر کروا لیا گیا ہے، جبکہ متاثرین کی بڑی تعداد اپنے علاقوں میں منتقل بھی ہو چکی ہے، تاہم بعض علاقوں میں سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے متاثرین کی منتقلی کا عمل شروع نہیں ہو سکا ہے۔ 
کور کمانڈر پشاور آصف یاسین ملک کا کہنا تھا کہ جنوبی وزیرستان میں 230 کلومیٹر لمبی مختلف سڑکوں کی تعمیر کا کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر ترقیاتی منصوبے بھی بنائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی سینٹر میں نوجوانوں کو مختلف قسم کے ہنر سکھائے جائیں گے۔



Share Tweet




Print Version

خبر کا کوڈ : 115896
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش