0
Wednesday 16 Sep 2009 10:16

جمعة الوداع کو جوش و جذبے کے ساتھ یوم القدس منایا جائے،ایرانی سفیر کی اپیل

جمعة الوداع کو جوش و جذبے کے ساتھ یوم القدس منایا جائے،ایرانی سفیر کی اپیل
اسلام آباد:ایران نے عظیم رہنما امام خمینی کی جانب سے کی گئی اپیل کی مناسبت سے عالمی برادری سے ماہِ رمضان کے آخری جمعہ کو یوم القدس مکمل جوش و جذبے کے ساتھ منانے کی اپیل کی ہے۔ یہ اعلان پاکستان میں متعین ایران کے سفیر ماشاء اللہ شاکری کی جانب سے دیئے گئے افطار ڈنر کے موقع پر کیا گیا۔ اس تقریب میں ثقافتی شو پیش کیا گیا اور آیت اللہ سید علی خامنہ ای کا ریکارڈ شدہ خطبہ ایک بڑی اسکرین پر دکھایا گیا جس میں انہوں نے بدنام امریکی گروپ ”بلیک واٹر“ کی خفیہ سرگرمیوں کے حوالے سے اسلام مخالف عناصر کی مذموم سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔ ایرانی سفیر نے اپنے مختصر خطاب میں شرکاء کو یہ بتا کر حیران کر دیا کہ 27 رمضان المبارک انہیں ایک ایسے ملک کے معرض وجود میں آنے کی یاد دلاتی ہے جس کا نام پاکستان ہے اور اس مبارک دن کے موقع پر جس کے قیام کی آواز ایران سمیت ہر ایک ملک کو سنائی دی، ایران اپنے اس پڑوسی کے ساتھ ہمیشہ دوستی میں وفاداری اور پُرخلوص رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے عظیم بانی امام خمینی نے اعلان کیا تھا کہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ یعنی جمعة الوداع کو فلسطین کے بہادر اور معصوم لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسے موقع پر جب ہم خوشیاں منا رہے ہیں اور خوش و خرم ہیں، ہمیں اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کی مشکلات اور تکالیف کو نہیں بھولنا چاہئے۔ تقریب میں قاضی حسین احمد،راجہ محمد ظفر الحق،جنرل حمید گل،اکرم ذکی،سینیٹر نسیم انور بیگ اور ایئر مارشل قیصر حسین،صدر آزاد جموں و کشمیر راجہ ذوالقرنین،وفاقی وزیر منظور وٹو اور سینئر سویلین اور ملٹری حکام نے شرکت کی۔ تقریب میں چند غیر مسلم ممالک کے سفیروں کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔

خبر کا کوڈ : 11733
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش