0
Tuesday 6 Dec 2011 21:39

ٹیکسلا میں یوم عاشور انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا

ٹیکسلا میں یوم عاشور انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا

اسلام ٹائمز۔ ٹیکسلا میں یوم عاشور حسب سابق انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ دس محرم کا مرکزی جلوس علم و ذوالجناح فاتح ٹیکسلا علامہ بشیر حسین انصاری کے گھر سے برآمد ہوا۔ جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا ٹیکسلا ریلوے اسٹیشن پہنچ کر ایک جلسے کی صورت اختیار کر گیا۔ جہاں مختلف علماء اور عہدیداران نے خطاب کیا۔ اس موقع پر عزادارن امام عالی مقام ع سے خطاب کرتے ہوئے مولانا کاظم رضا ترابی نے کہا کہ آج سارے غیرتمند انسان امام حسین ع کو خراج تحسین پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا مسلمانوں کو دہشتگرد کہہ رہی ہے۔ دہشتگردی کی اصل تعریف بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشتگردی یہ ہے کہ عالم کی بجائے جاہل کو مقام دیا جائے۔ گناہگار معصوم سے بیعت طلب کرے۔ انہوں نے کہا کہ یزید نے انتہا پسندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریگزار کربلا میں نواسہ رسول ع کو شہید کیا۔
 مولانا کاظم رضا ترابی نے کہا کہ آج دنیا ہمیں رونے اور ماتم کرنے سے روکتی ہے اور یہ سوال کیا جاتا کہ ماتم کرنا کہاں لکھا ہوا ہے۔ تو میں ان سے یہ سوال کرتا ہوں کہ نبی ص کا کلمہ پڑھ کر نبی ص کے نواسے کو شہید کرنا کہاں لکھا ہوا ہے۔ اس مجلس کے بعد جلوس کے شرکاء نے ہزارہ پھاٹک کے مقام پر مولانا ظفر علی شاہ کی اقتداء میں نماز ظہرین ادا کی اور جلوس عاشور اپنی منزل کی طرف رواں دواں ہو گیا۔ جلوس کے راستے میں جگہ جگہ سبیلوں اور نیاز کا اہتمام کیا گیا تھا۔ ٹیکسلا شہر سے برآمد ہونے والے دوسرے جلوس بھی مین بازار ٹیکسلا پہنچ کر یکجا ہو گئے، جہاں عزاداران امام حسین ع نے زنجیر زنی کی۔ بعد ازاں یہ جلوس اپنی مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ قصر عباس علمدار ع جا کر اختتام پذیر ہوا۔

خبر کا کوڈ : 120090
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش