0
Sunday 11 Dec 2011 20:59

امریکا دوست بنکر دشمنی کر رہا ہے، مہران بیس، جی ایچ کیو پر حملہ سی آئی اور موساد کا کام ہے، منور حسن

امریکا دوست بنکر دشمنی کر رہا ہے، مہران بیس، جی ایچ کیو پر حملہ سی آئی اور موساد کا کام ہے، منور حسن

اسلام ٹائمز۔ راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے سربراہ سید منور حسن کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان میں اللہ، محمد ص اور قرآن کی بات کرتے ہیں۔ ایک ایسی فلاحی ریاست کی بات کرتے ہیں جو مدینہ کی طرز پر ہو۔ جہاں عدل و انصاف کا بول بالا ہو۔ محمود و ایاز ایک ہی صف میں کھڑے ہوں۔ زکواہ دینے والے ہوں، لینے والا کوئی نہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ وطن عزیز کو امریکی غلامی سے نجات دلانا ہمارے منشور کا بنیادی نقطہ ہے۔ ایبٹ آباد پر حملہ ہوا ہمیں کانو کان خبر تک نہ ہوئی، مہران بیس پر حملہ ہوا، جی ایچ کیو میں دشمن داخل ہوا۔ ہم کب تک امریکہ کے سامنے معذرت خواہانہ رویہ اختیار کئے رکھیں گے۔ کب تک امریکہ سے ڈیکٹیشن قبول کریں گے۔ 

گو امریکہ گو پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گو امریکہ گو ایک نظریہ ہے، ایک فلسفہ ہے، بندگی رب کا۔ گو امریکہ گو کا مطلب ہے لا الا۔ نیٹو اور فارن فورسز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کے سربراہ اور فوج کے سربراہ کو ایبٹ آباد واقعے کے بعد امریکہ سے  روابط ختم کر دینے چاہیے تھے اور اعلان کر دینا چاہیے تھا کہ امریکہ جھوٹ بولتا ہے، کوئی اسامہ بن لادن ایبٹ آباد میں نہیں تھا۔ اگر تھا تو اسکی تصویریں یا وڈیو کیوں نہ دکھائی گئیں۔

نیٹو حملے پر بات کرتے ہوئے سید منور حسن کا کہنا تھا کہ نیٹو کو اس حملے کی جرات اس لئے ہوئی چونکہ ایبٹ آباد آپریشن میں ہم امریکہ کے ساتھ تھے۔ انہوں نے کہا کہ جی ایچ کیو اور مہران بیس پر حملے کے باوجود ہم نے امریکہ کی مذمت نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مہران حملہ اور جی ایچ کیو حملہ سی آئی اور موساد کا کام ہے نہ کہ طالبان و القاعدہ کا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ ہمارا دوست بن کر دشمن کا کردار ادا کر رہا ہے۔ افغانستان میں ہزیمت و شکست امریکی مقدر بن چکا ہے، اس لئے وہ پاکستان پر حملہ آور ہے۔ 

فوج کو مخاطب کر کے سربراہ جماعت اسلامی نے کہا کہ بہتر ہو گا کہ فوج اپنے نصب العین ایمان، تقویٰ اور جہاد کی طرف واپس لوٹ آئے۔ انہوں نے کہا جنرل کیانی صاحب امریکی شکست سے سبق حاصل کرو۔ امریکہ نے کس سے شکست کھائی ہے، چالیس ملکوں کو فوج نیٹو نے کس سے شکست کھائی ہے، جذبہ جہاد اور شوق شہادت نے شکست دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اللہ تعالٰی کا شکر بجا لاتا ہوں کہ اس نے اس خرابی کے دور میں اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کو جماعت اسلامی کی طرف راغب کیا۔ 

خبر کا کوڈ : 121335
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش