0
Friday 30 Dec 2011 19:01

امریکہ کو اپنے گلوبل وار ایجنڈے میں غیر مستحکم پاکستان سوٹ کرتا ہے، صاحبزادہ فضل کریم

امریکہ کو اپنے گلوبل وار ایجنڈے میں غیر مستحکم پاکستان سوٹ کرتا ہے، صاحبزادہ فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل کے دفتر میں مفتی محمد اقبال چشتی کی قیادت میں ملنے والے جماعت اہلسنّت پاکستان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ سیاسی جھگڑوں کا فیصلہ سیاسی میدان میں ہی ہونا چاہیے، سیاست میں اشتعال اور انتشار ختم کرنے کی ضرورت ہے، عوام کی محرومیاں اور مایوسیاں ختم نہ کی گئیں تو کوئی بڑا المیہ رونما ہو سکتا ہے، بجلی اور گیس کے بحران سے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے، عوام بے بسی اور بے چارگی کی تصویر بنے ہوئے ہیں اور مہنگائی نے عوام کا لہو نچوڑ لیا ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ امریکہ کو اپنے گلوبل وار ایجنڈے میں غیرمستحکم پاکستان سوٹ کرتا ہے جس کا انحصار امریکی امداد پر ہو۔

انہوں نے کہا کہ عوام دوست نظام لا کر امریکی امداد کی محتاجی ختم کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان سے اب تک جمہوریت سے جاگیرداروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں نے مفادات حاصل کئے ہیں، بدقسمتی سے پاکستان کی سیاست پر موروثیت چھائی ہوئی ہے اور سیاسی جماعتوں پر مخصوص خاندانوں کے قبضے ہیں، لیکن اب موروثی سیاست دم توڑ رہی ہے اور سیاست کا موسم خزاں ختم اور موسم بہار شروع ہونے والا ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ نئے نظام اور نئی قیادت کی عوامی خواہش کو دبایا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نظام مصطفٰی کا پرچم بلند رکھیں گے اور انقلاب نظام مصطفٰی برپا کر کے دم لیں گے۔ جماعت اہلسنّت کے وفد میں پیر سید شمس الدین بخاری، پروفیسر عبدالعزیز نیازی، مولانا قاری نذیر احمد قادری، محمد نواز کھرل بھی شامل تھے۔

دریں اثناء سنی اتحاد کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات محمد نواز کھرل نے بتایا ہے کہ سنی اتحاد کونسل 2011 ء کی آخری رات 31 دسمبر کو ’’شب دعا‘‘ کے طور پر منائے گی۔ اس موقع پر ملکی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی اور نوافل ادا کر کے نئے سال کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سنی اتحاد کونسل نے 2012ء کو ’’انقلاب نظام مصطفٰی سال‘‘ کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں پورا سال انقلاب نظام مصطفٰی کے لیے عوامی اجتماعات، تربیتی نشستوں اور لٹریچر کے ذریعے فضا بنائی جائے گی اور عوام کی ذہن سازی کی جائے گی تاکہ ووٹ کی طاقت سے انقلاب نظام مصطفٰی برپا کیا جا سکے۔ 
خبر کا کوڈ : 126275
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش