0
Saturday 31 Dec 2011 20:00

ٹیسٹ ٹیوب بے بیز کے کہنے سے جانا والا نہیں، اداروں سے تصادم کی غلط فہمی پیدا کی جا رہی ہے، وزیراعظم

ٹیسٹ ٹیوب بے بیز کے کہنے سے جانا والا نہیں، اداروں سے تصادم کی غلط فہمی پیدا کی جا رہی ہے، وزیراعظم
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ میڈیا سیاسی یتیموں اور ٹیسٹ ٹیوب بیبیزکو بتا دے کہ اٹھارہ کروڑ عوام میرے ساتھ ہیں۔ ان کے کہنے سے جانے والا نہیں۔ ملتان میں ہیڈ محمد والا اور اکبر بند کی افتتاحی تقریب کے بعد جلسہ عام سے خطاب کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ٹی وی چینلز پر نظر آنے والے سیاسی یتیم اور ٹیسٹ ٹیوب بے بیبیز مفکر بن کر بیٹھ جاتے ہیں، سن لیں کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے ہی ججز اور 1973ء کا آئین بحال کر کے اداروں کو مضبوط کیا جبکہ میڈیا کو بھی آزاد کرایا۔ اس لیے آئین کی پاسداری کا تاثر نہ دینا غلط ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ قوم سے وعدہ ہے کہ ملک پر برا وقت آیا تو پرویز مشرف کی طرح ایک کال پر ڈھیر نہیں ہو جائیں گے کیونکہ پہلے بھی ہم نے شمسی ائیر بیس خالی کرایا اور سپلائی لائن بند کر کے برابری کی سطح پر بات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ سابق دور حکومت میں مجھے نوکریاں دینے کی سزا دی گئی اور اب مخالفین میری برائیاں کریں، تاکہ میرے گناہ کم ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کی محرومیاں ختم نہیں کر سکتے، تاہم کم کر دیں گے اور ہیڈ محمد والا پل کی تعمیر بھی شہید بینظیر بھٹو کے احکامات کی تکمیل ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو خطرہ ہے ان کو اس بات کا علم ہونا چاہیے کہ ذوالفقار علی بھٹو نے ہی عوام کو ووٹ کی طاقت دی تھی ہماری حکومت نے ججز کو رہا کروایا ، عدلیہ اور 73ء کا آئین بحال کیا ان دیوانوں کو بتا دوں کہ پاکستان پیپلز پارٹی وفاق کی جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے بتائیں کہ ملک میں ترقیاتی کام کون کروا رہا ہے، ہم نے ملازمتیں دی، اگر یہ جرم ہے تو ہم یہ جرم بار بار کریں گے۔
 
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگر ہم اداروں کا احترم نہیں کرتے تو آئین کو بحال کیوں کرتے، آئین کی بحالی سے ادارے مضبوط ہوتے ہیں، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اس ملک کو نیوکلئیر پاور دی اور شہید محترمہ نے پاکستان کو میزائیل ٹیکنالوجی دی، یہی وجہ ہے کہ اب ہماری طرف کوئی میلی آنکھ سے بھی نہیں دیکھ سکتا۔ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ میرا وعدہ ہے کہ جنوبی پنجاب کی 65 سالہ محرومیاں کچھ کم کر دوں گا، عوام نے مجھ پر اعتماد کیا، دنیا کچھ بھی کہے میں اپنا کام کرتا رہوں گا۔ کراچی سے خبیر تک ڈیڑھ کھرب روپے کے منصوبے بنائے ہیں جن پر کام جاری ہے۔ محترمہ کی مسند پر بیٹھ کر ان کے وعدے پورے کروں گا اور عوام کی امنگوں کی ترجمانی بھی کروں گا۔ اس سے قبل وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے سوا دو ارب روپے کی لاگت سے تیار ہونے والے ہیڈ محمد والا پل کا افتتاح کیا اور اکبر بند کا سنگ بنیاد اور جناح چوک ملتان کا افتتاح کیا اس موقع پر وزیر داخلہ رحمان ملک اور وفاقی وزیر مواصلات ارباب عالمگیر بھی ان کے ساتھ تھے۔
خبر کا کوڈ : 126579
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش