0
Monday 2 Jan 2012 00:22

سینیٹ الیکشن رکوانے کی سازش ہو رہی ہے، جمہوریت نہ رہی تو عدلیہ ہو گی نہ میڈیا، گیلانی

سینیٹ الیکشن رکوانے کی سازش ہو رہی ہے، جمہوریت نہ رہی تو عدلیہ ہو گی نہ میڈیا، گیلانی
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ جمہوریت نہ رہی تو سب کی دکانیں بند ہو جائیں گی، میاں صاحب کرپشن کے الزامات لگا لیں، لیکن اُنکے اقتدار میں آنے کا کوئی چانس نہیں ہے، اس سال غیراعلانیہ لوڈیشڈنگ پر قابو پا لیا جائے گا۔ میڈیا سے گفتگو میں وزیراعظم گیلانی کا کہنا تھا کہ امریکہ کے ساتھ تعلقات عوام کے مفادات کے مطابق رکھنا چاہتے ہیں۔ عوام کے بغیر کوئی جنگ نہیں لڑی جا سکتی، امریکہ سے تعلقات کے بارے میں پارلیمنٹ میں عوام کے مفادات کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلے کئے جائیں گے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آزاد، مستحکم اور پُرامن افغانستان ہی پاکستان کے مفاد میں ہے جبکہ کشمیر پر ہمارا اصولی موقف برقرار ہے، تمام مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ راتوں رات بننے والی جماعتوں کی عوام میں کوئی ساخت نہیں، جن جماعتوں کا کوئی نظریہ نہیں وہ عوام کو کیا دے سکیں گی۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ سال کے اندر اندر ملک میں جاری غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ پر قابو پا لیا جائے گا۔ توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو شہید کے دور میں شروع کئے گئے منصوبے بند نہ کئے جاتے تو آج پاکستان کا یہ حال نہ ہوتا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پہلے منشور پر 80 فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے۔ اگلے انتخابات میں عوام کی بہبود کے لئے نیا منشور لے کر آئیں گے۔ پیپلز پارٹی اپنے تمام کارکنوں کو ساتھ لے کر چلے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی زرمبادلہ کے ذریعے ملک کی خدمت میں پیش پیش ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جائے گا۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ سینیٹ کے الیکشن رکوانے کے لیے سازشیں کی جا رہی ہیں۔ جس کے نتائج اچھے نہیں ہوں گے۔ جمہوریت نہ رہی تو سب کی دکانیں بند ہو جائیں گی۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم گیلانی کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں پر کرپشن کے الزامات لگانا روایت بن گیا ہے۔ اگر کوئی کرپشن کی ہے تو محاسبے کے لیے ادارہ موجود ہے۔ تمام ادارے آئین کی راہ پر چلیں تو تصادم نہیں ہو گا۔ وزیراعظم گیلانی کا کہنا تھا کہ حکومت شفاف اور منصفانہ انتخابات کرائے گی۔ الیکشن کمیشن کو اختیارات اور خود مختاری دیں گے، جس پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسمبلیوں سے سرائیکی صوبے کے قیام کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، جس پر تمام سیاسی جماعتیں بھی متفق ہیں۔ جمہوریت کی طاقت ہے کہ ججوں کو آزاد اور بحال کرایا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ترجیح میں شامل ہے۔ بدھ کو بجلی اور گیس بحران پر اجلاس بلایا ہے، ملک میں نئے ڈیم تعمیر کئے جائیں گے۔ بے نظیربھٹو کے منصوبے جاری رہتے تو آج مسائل نہ ہوتے۔
خبر کا کوڈ : 126864
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش