0
Wednesday 25 Jan 2012 20:45

علامہ ساجد نقوی کا ایک ہی خاندان کے 3 وکلا کی شہادت پر اظہار افسوس

علامہ ساجد نقوی کا ایک ہی خاندان کے 3 وکلا کی شہادت پر اظہار افسوس
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کے مرکزی ترجمان نے کراچی کے علاقے آرام باغ کے قریب موٹر سائیکل سواروں کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے تین وکلاء بدر منیر جعفری، شکیل جعفری، کفیل جعفری کی شہادت اور ایک راہگیر کے شدید زخمی ہونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوششیں کی جا رہی ہیں اور ٹارگٹ کلنگ کے یہ واقعات ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر رہے ہیں اور دہشتگرد مذموم کارروائیوں کے بعد اطمینان سے فرار ہو جاتے ہیں، مگر ریاست اور امن و امان کے ذمہ داروں کو حالات کی سنگینی کا اندازہ تک نہیں اور ایسی سنگین صورتحال میں بھی سب اچھا ہے کا راگ الاپ کر اپنی ذمہ داریوں سے راہ فرار اختیار کی جا رہی ہے، حالانکہ یہ تباہ کن اور مہلک صورتحال ملک کو تباہی و بربادی کے دہانے تک پہنچا کر دم لے گی۔ 

ترجمان نے مزید کہا کہ ملک بھر میں بالعموم اور کراچی میں بالخصوص امن و امان کی مخدوش صورتحال پر ہر محب وطن پاکستانی رنجیدہ اور پریشان ہے اور گذشتہ سالوں میں عاشورہ محرم اور چہلم کے جلوسوں سمیت متعدد سانحات میں بڑی تعداد میں قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں اور سینکڑوں خاندان دہشتگردی سے متاثر ہو کر اپنے پیاروں کی جدائی کا ماتم کر رہے ہیں، مگر ان کے زخموں پر مرہم رکھنے کی بجائے آئے روز معصوم اور بے گناہ انسانوں کا قتل عام جاری ہے اور عوام جنازے اٹھانے پر مجبور ہیں۔ مرکزی ترجمان نے اس سانحہ میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ قاتلوں، دہشتگردوں اور ٹارگٹ کلرز کو عبرتناک انجام سے دوچار کر کے ان کے سرپرستوں کو بے نقاب کیا جائے اور ان سانحات کے پس پردہ حقائق سے عوام کو آگاہ کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 133046
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش