0
Wednesday 25 Jan 2012 19:15

کراچی، دہشتگردوں کی اندھا دھند فائرنگ، باپ بیٹے سمیت 3 وکلاء جاں بحق ایک زخمی

کراچی، دہشتگردوں کی اندھا دھند فائرنگ، باپ بیٹے سمیت 3 وکلاء جاں بحق ایک زخمی
اسلام ٹائمز۔ کراچی کے علاقے پاکستان چوک کے قریب موٹر سائیکل سواروں نے کار پر فائرنگ کر کے تین وکلاء کو ہلاک کر دیا، وزیراعظم نے سندھ حکومت کو ملزمان کو فوری گرفتار کرنے ہدایت کر دی۔ سٹی کورٹ سے ایڈوکیٹ بدر منیر جعفری اپنے بیٹے شکیل جعفری، بھتیجے کفیل جعفری اور ساتھی بابر کے ہمراہ گھر جانے کیلئے نکلے۔ جب ان کی کار پاکستان چوک کے قریب پہنچی تو دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس سے چاروں شدید زخمی ہو گئے۔ انہیں اسپتال پہنچایا جا رہا تھا کہ بدر منیر، ان کا بیٹا شکیل اور بھتیجا کفیل راستے میں دم توڑ گئے۔ 

واقعہ کے بعد وکلاء کی بڑی تعداد سول ہسپتال پہنچ گئی اور واقعہ کے خلاف نعرہ بازی کی۔ اس موقع پر وکلا پھوٹ پھوٹ کر روتے رہے۔ سپریم کورٹ بار کے صدر یاسین آزاد نے کراچی میں تین وکلا کے قتل کے خلاف کل ملک گیر ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ آئندہ اگر اس طرح کا واقعہ پیش آیا تو وکلاء برادری راست قدم اٹھانے پر مجبور ہو گی۔ پولیس کے مطابق ملزمان وکلاء کا سٹی کورٹ سے تعقب کر رہے تھے۔ ایس ایس پی ساؤتھ نعیم شیخ نے کہا کہ واقعے میں زخمی شخص کی مدد سے ملزموں کے خاکے بنائے جائیں گے۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک، متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین، وزیر داخلہ منظور وسان اور دیگر رہنماؤں نے لواحقین سے تعزیت کا اظہار اور واقعہ کی مذمت کی ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 133029
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش