0
Thursday 2 Feb 2012 00:45

دہشتگردی کے نام پر نام نہاد جنگ ہماری نہیں، امریکہ کی ہے، مفتی کفایت اللہ

دہشتگردی کے نام پر نام نہاد جنگ ہماری نہیں، امریکہ کی ہے، مفتی کفایت اللہ
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام کے رہنماء اور رکن صوبائی اسمبلی مفتی کفایت اللہ نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے نام پر نام نہاد جنگ ہماری نہیں بلکہ امریکہ کی ہے، کلمہ کی بنیاد پر بننے والے ملک پاکستان میں سب سے زیادہ مظلوم کلمہ اور قرآن مجید ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کلپانی بونیر میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ 70 ارب ڈالر کے معاشی نقصان کے باوجود سلالہ چیک پوسٹ پر امریکہ کا حملہ ہماری قوم کے منہ پر زبردست طماچہ ہے، پرائی جنگ لڑنے کی وجہ سے منہ بھی کالا ہوتا ہے اور انجام کے اعتبار سے شرمندگی بھی اٹھانا پڑتی ہے، انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے نام پر لڑی جانے والی جنگ میں اصل فریقین امریکہ اور افغانستان کا اتنا نقصان نہیں ہوا جتنا پاکستان کا ہوا ہے، آج امریکی ڈالر دنیا پر راج کر رہا ہے اور افغانستان کی کرنسی ہمارے مقابلہ میں دگنی ہے جب کہ روپے کی قدر میں روز بروز کمی ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 50 ہزار بے گناہ لوگ اس جنگ میں شہید کئے گئے اور 10 ہزار لاپتہ ہیں، 4 ہزار کے قریب مدارس اور مساجد گرائی گئیں، ایک محتاط انداز کے مطابق 4 لاکھ قرآن مجید کے نسخوں کو یا تو شہید کیا گیا یا زخمی کیا گیا، جمعیت علماء اسلام واحد جماعت ہے جو زخمی اور مظلوم قرآن کی بات کرتی ہے، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ زخمی قرآن کی فریاد میں زیادہ سے زیادہ اپنی آواز شامل کریں، حقیقی تبدیلی قرآن مجید کی بنیاد پر آئے گی، انہوں نے کہا کہ27 جنوری کو مسلمانان کراچی نے ثابت کر دیا کہ یہ ملک قرآن مجید کے احترام کے لئے بنا ہے، اس لحاظ سے 27 جنوری کو اسلام زندہ باد کانفرنس کوئی جلسہ نہیں بلکہ زخمی قرآن مجید کے حق میں ریفرنڈم ثابت ہوا۔
خبر کا کوڈ : 134839
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش