0
Thursday 2 Feb 2012 01:45

دہشت گرد عناصر شہر میں شیعہ اور سنی فسادات کرانے کی کوششیں کررہے ہیں، رابطہ کمیٹی

دہشت گرد عناصر شہر میں شیعہ اور سنی فسادات کرانے کی کوششیں کررہے ہیں، رابطہ کمیٹی
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے اراکین نے شہر میں مذہبی رواداری اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور امن و امان برقرار رکھنے کے سلسلے میں شہر کی مختلف امام بارگاہوں اور مساجدوں کا دورہ کرکے اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام اور منتظمین سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے، تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین شعیب بخاری، وسیم آفتاب، ڈاکٹر صغیر احمد نے شہر کی مختلف امام بارگاہوں اور مساجدوں کا دورہ کرکے علمائے کرام اور منتظمین سے ملاقاتیں کیں۔

ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن رضا ہارون نے جیکب لائن تھانوی مسجد میں مولانا تنویر الحق تھانوی، مسجد دارالصلاح میں مولانا ریاض قادری، طارق روڑ پر واقع مسجد الارحمانیہ میں طاہر القادری، تحریک منہاج القرآن کے خواجہ اشرف اور مسعود عثمانی کے علاوہ مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام مشائخ عظام سمیت منتظمین سے ملاقاتیں کیں۔ علاوہ ازیں وسیم آفتاب اور رضا ہارون نے شاہ تراب الحق کی رہائش گاہ جاکر ان سے ملاقات کی، ملاقات میں رابطہ کمیٹی کے اراکین نے علمائے کرام کو الطاف حسین کا خصوصی پیغام پہنچایا۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کی علماء کمیٹی کے انچارج جاوید احمد و اراکین کمیٹی، ایم کیو ایم کراچی تنظیمی کمیٹی کے ارکین علاقائی سیکٹر و یونٹوں کے ذمہ داران و کارکنان بھی موجود تھے۔

اراکین رابطہ کمیٹی نے علمائے کرام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد عناصر منظم منصوبہ بندی کے ذریعے شہر میں شیعہ اور سنی فسادات کرانے کی کوششیں کر رہے ہیں، شہر میں گزشتہ کئی روز سے جاری قتل و غارت گری کا سلسلہ بھی انہی سازشوں کا تسلسل ہے۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین نے ہمیشہ تمام مسالک سے تعلق رکھنے والے افراد، علمائے کرام و مشائخ عظام کو اتحاد بین المسلمین کا درس دیا ہے، انہوں نے علمائے کرام سے پر زور اپیل کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر فرقہ وارانہ فسادات کے خاتمے اور مذہبی رواداری، بھائی چارگی کے فروغ کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔
خبر کا کوڈ : 134861
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش