0
Thursday 2 Feb 2012 11:58

اسٹیبلشمنٹ ہمارے راستہ سے ہٹ جائے تو ملک بھر میں جے یو آئی بھرپور کامیابی حاصل کرے گی، غفور حیدری

اسٹیبلشمنٹ ہمارے راستہ سے ہٹ جائے تو ملک بھر میں جے یو آئی بھرپور کامیابی حاصل کرے گی، غفور حیدری
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام (ف) کے مرکزی جنرل سیکریٹری اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ جمعیت علماء اسلام آئینی مجبوری کی وجہ سے آصف علی زرداری کی موجودگی میں بھی انتخابات میں حصہ لینے کے لئے تیار ہے، سینیٹ کے انتخابات کے موقع پر ممبران کی خرید و فروخت کی منڈی لگ جاتی ہے، اس خرید و فروخت سے سینیٹ میں متوسط طبقہ کبھی نہیں آ سکتا، ملک کے تمام ادارے تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں اس لئے قبل از وقت انتخابات ضروری ہو گئے ہیں۔ حکومت قبل از وقت انتخابات نہ کرانے کی ضد ختم کرے ورنہ غیر جمہوری قوتیں آگے آ جائیں گی، اسٹیبلشمنٹ ہمارے راستہ سے ہٹ جائے تو ملک بھر میں جے یو آئی بھرپور کامیابی حاصل کرے گی، کیونکہ ہر انتخاب میں اسٹیبلشمنٹ من پسند جماعتوں کو بوگس ووٹوں کے ذریعے کامیاب کراتی آئی ہے۔ 

جے یو آئی حالیہ پیٹرولیم اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کو مسترد کرتی ہے اور اس سلسلے میں سینیٹ میں تحریک التواء بھی جمع کروا دی ہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔ جے یو آئی 26 فروری کو بھاولپور میں کانفرنس منعقد کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو جے یو آئی سندھ کے نائب امیر عبدالکریم عابد کی جانب سے اسلام زندہ باد کانفرنس کی کامیابی پر کارکنوں کے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ سے خطاب اور پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی مولانا عطا الرحمان، قاری عثمان، محمد اسلم غوری، سابق سینیٹر سید ہدایت اللہ شاہ، قاری شیر افضل اور دیگر بھی موجود تھے۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ جے یو آئی آئین کے دائرے میں رہ کر اسلامی انقلاب کی جدّوجہد جاری رکھے گی۔
خبر کا کوڈ : 134933
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش