0
Monday 6 Feb 2012 19:29

پاکستان کے لیے امریکی غلامی سے نجات کا یہ سنہری وقت ہے، صاحبزادہ فضل کریم

پاکستان کے لیے امریکی غلامی سے نجات کا یہ سنہری وقت ہے، صاحبزادہ فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی بدانتظامی اور سیاستدانوں کی غیرسنجیدگی کی وجہ سے پورا ملک باغیچۂ اطفال بنا ہوا ہے۔ بجلی، گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ عوام کے لیے ناقابل برداشت ہو چکا ہے اور غریب لوگوں کے لیے زندگی بوجھ بن چکی ہے۔ اقتصادی زبوں حالی دیوالیہ پن کی حدوں کو چھونے لگی ہے۔ احتسابی نظام نہ ہونے کی وجہ سے کرپشن عروج پر پہنچ چکی ہے اور لیڈر ضمیر کی آواز سننے کی بجائے پیسے کی جھنکار پر زیادہ توجہ دیتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ رضویہ کے طلباء اور اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ ہمیشہ حکومتیں اپنی کرپشن اور ناقص کارکردگی کو چھپانے کے لیے سازشوں کا واویلا کرتی ہیں حالانکہ سول حکومتوں کی کارکردگی ٹھیک ہو تو کوئی جمہوریت پر شب خون مارنے کی جرأت نہیں کر سکتا۔ سیاستدانوں اور حکمرانوں نے اپنی ناقص کارکردگی سے قوم کو جمہوریت سے مایوس کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی استعمار پاک فوج کو کمزور کر کے ایٹمی اثاثوں پر قبضے کے خواب دیکھ رہا ہے اس لیے فوج پر تنقید کرنے والے عالمی استعمار کا کام آسان کر رہے ہیں۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے مزید کہا کہ پاکستان میں صرف ٹیکس وصول کرنے والا ادارہ ہر سال پانچ سو ارب روپے ہڑپ کر جاتا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ اگر کرپشن اور لوٹ مار بند کر دی جائے، نظم و نسق اور ٹیکسوں کی وصولی کے نظام کو بہتر بنا دیا جائے تو پاکستان دنیا کا خوشحال ترین ملک بن سکتا ہے کیونکہ پاکستان کی سرزمین تیل، گیس، کوئلہ اور دیگر معدنیات کی دولت سے مالا مال ہے لیکن کسی حکومت نے ان خزانوں کی تلاش کے لیے موثر اقدامات نہیں کیے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ پاکستان کے لیے امریکی غلامی سے نجات کا سنہری وقت ہے۔ اس لیے حکومت اس موقع سے فائدہ اٹھائے اور امریکہ کے ساتھ تعلقات کا اپنے قومی مفادات کے تناظر میں ازسرنو جائزہ لے۔ 

صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ افغانستان میں بھارتی اثر و رسوخ بڑھانے کے امریکی منصوبوں کو ناکام بنانے کی حکمت عملی تیار کرنے کی ضرورت ہے۔ اجتماع سے مفتی محمد سعید رضوی، علامہ باغ علی رضوی، میاں فہیم اختر، ملک بخش الٰہی، پیر طارق ولی چشتی اور پیر میاں غلام مصطفی اور صاحبزادہ حامد رضا نے بھی خطاب کیا۔ اجتماع میں ایک قرارداد کے ذریعے مطالبہ کیا گیا کہ صاحبزادہ فضل کریم کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے اور گوجرانوالہ میں ان پر قاتلانہ حملے کے منصوبے کی شفاف تحقیقات کروا کر مجرموں کو عبرتناک سزا دی جائے۔ 

خبر کا کوڈ : 135853
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش