0
Wednesday 15 Feb 2012 13:21

علامہ شیر محمد رضوی کی دینی و روحانی شخصیت اسلاف کا پرتو تھی، صاحبزادہ فضل کریم

علامہ شیر محمد رضوی کی دینی و روحانی شخصیت اسلاف کا پرتو تھی، صاحبزادہ فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ معروف عالم دین علامہ حافظ شیر محمد رضوی کے سوئم کی تقریب مرکزی جامع مسجد لالکڑتی میں منعقد ہوئی جس میں ممتاز و معروف علماء و مشائخ، سیاسی و سماجی شخصیات، آپ کے شاگرد اور تلامذہ کے علاوہ سینکڑوں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر چیئرمین سنی اتحاد کونسل و صدر مرکزی جمیعت علمائے پاکستان صاحبزادہ حاجی فضل کریم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علامہ شیر محمد رضوی کی دینی و روحانی شخصیت اسلاف کا پرتو تھی۔ حق پرستی، بے باکی اور دینی حمیت ان کا طرّۂ امتیاز تھا۔ وہ ایک سچے عاشق رسول ؐ اور عالم باعمل تھے۔ انہوں نے عقائد، اعمال، اخلاقیات سمیت معاشرتی اقدار کی اصلاح اور بدعات کے خاتمے کیلئے اپنی زبان کا بہترین استعمال کیا۔ آپ مسلک اعلیٰ حضرت کے بہترین ترجمان تھے۔ 

حافظ شیر محمد رضوی نے امام احمد رضاؒ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بدمذہبوں کیخلاف جہاد فرما کر اہل ایمان کی حفاظت فرمائی اور عشق مصطفیؐ کی دولت کو عام کیا۔ آپ نے اپنی تقریروں کے ذریعے ناموس مصطفیؐ پر حملہ کرنے والوں کا قلع قمع کیا۔ علامہ شیر محمد رضوی کی شخصیت عشق رسولؐ اور ادب نبوت کی علامت ہے۔ آپ نے اپنی ساری زندگی دعوت و تبلیغ کیلئے وقف کر رکھی تھی۔ علامہ پروفیسر ابوبکر محمد عمران چشتی، علامہ ارشد محمود رضوی، علامہ محمد ایاز رضوی، ڈاکٹر محمد شیراز القادری، محمد طیب رضا، مولانا شفیق الرحمن سیالوی، قاری محمد ممریز، قاری عبدالکبیر ہارونی سمیت دیگر علمائے کرام نے مرحوم کی دینی و علمی خدمات پر روشنی ڈالی اور زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ 

علامہ محمد ایاز رضوی نے کہا کہ علامہ شیر محمد رضوی کی وفات سے پیدا ہونے والا خلاء مدتوں پورا نہیں ہوسکتا۔ علامہ شیر محمد رضوی عاجزی اور انکساری کا پیکر تھے ان کی زندگی آئندہ نسلوں کیلئے بھی مشعل راہ ہوگی۔ علامہ شیر محمد رضوی اتحاد امت کے داعی اور عزیمت کے راہی تھے۔ آخر میں مرحوم و مغفورکے ایصال ثواب اور ملکی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ سوئم کے موقع پر سینکڑوں فرزندان توحید نے آپ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پیغام رسالت ؐ کو عام کرنے کا عہد کیا۔ شرکاء میں اکثر تعداد ان علماء کرام اور آپ کے شاگردوں اور تلامذہ کی تھی جو دنیا بھر میں مسلک حق کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 137976
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش