0
Friday 17 Feb 2012 20:57

علامہ ساجد نقوی کی پاراچنار میں خودکش بم دھماکے کی شدید مذمت، 3 روزہ سوگ کا اعلان

علامہ ساجد نقوی کی پاراچنار میں خودکش بم دھماکے کی شدید مذمت، 3 روزہ سوگ کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ ایس یو سی کے ایک اخباری بیان میں علامہ سید ساجد علی نقوی نے مین بازار پاراچنار کرم ایجنسی میں خودکش بم دھماکے کے نتیجے میں 20 سے زائد معصوم اور بے گناہ انسانوں کے لقمہ اجل بن جانے اور درجنوں افراد کے زخمی ہونے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے سانحہ کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور ملک بھر میں تین روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک مدت سے اس علاقے کے عوام شرپسندوں کے رحم و کرم پر ہیں اور ان کا عرصہ حیات تنگ کر دیا گیا ہے۔ پہلے سے موجود کٹھن اور صبر آزما مصائب میں گھرے مجبور اور بے بس عوام کے گھروں میں ایک بار پھر صف ماتم اور درجنوں معصوم اور بے گناہ انسانوں کے لاشے امن و امان کے ضامن ریاستی اداروں اور ذمہ داروں کے لئے لمحہ فکریہ ہیں۔ 

سربراہ شیعہ علماء کونسل نے کہا کہ سانحہ کے مرتکب خونی قاتلوں اور ان کے سرپرستوں کو بے نقاب کر کے حقائق منظر پر لائے جائیں۔ اپنے مذمتی بیان میں علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ راستوں کی بندش، علاج معالجے کی سہولتوں کی عدم دستیابی، بنیادی اشیائے ضروریہ کی کم یابی اور اپنے ہی ملک میں غیروں جیسی کسمپرسی کے عالم میں زندگی بسر کرنے والے عوام کے لئے حالیہ سانحہ ان کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ ہم نے متعدد بار ملاقاتوں اور یاد داشتوں کے ذریعہ صوبائی اور مرکزی حکومتوں کے ذمہ داروں کی توجہ صورتحال کی سنگینی کی جانب دلائی مگر ان وقتی اور عارضی نوعیت کے اقدامات کے علاوہ کوئی ٹھوس اور سنجیدہ اقدام نہ کیا گیا، یہی وجہ ہے کہ صورتحال بد سے بدتر ہوتی گئی اور شرپسندوں اور ان کے سرپرستوں کو تقویت ملی۔
 
سربراہ شیعہ علماء کونسل نے اس سانحہ میں شہید ہونے والوں کے خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور پاراچنار کے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس سانحہ پر صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے باہمی اتحاد و وحدت کے ذریعہ شرپسندوں کے عزائم کو ناکام بنائیں اور متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے علاقے کے امن کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف متحد ہو جائیں۔ 
خبر کا کوڈ : 138517
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش