0
Friday 24 Feb 2012 11:49

پشاور، تھانہ کوتوالی میں گھس کر 3 خودکش حملہ آورں نے خود کو اڑا لیا، 4 اہلکار شہید، 6 زخمی

پشاور، تھانہ کوتوالی میں گھس کر 3 خودکش حملہ آورں نے خود کو اڑا لیا، 4 اہلکار شہید، 6 زخمی

اسلام ٹائمز۔ پشاور میں تھانہ کوتوالی پر 3 خودکش حملے ہوئے ہیں، جن کے نتیجے میں 4 اہلکار شہید اور 6 زخمی ہو گئے۔ میڈیا نیوز کے مطابق دہشتگردوں‌ نے پہلے تھانے پر دستی بم سے حملہ کیا پھر فائرنگ شروع کر دی، پولیس نے جوابی کارروائی کی، حملہ آور جن کی تعداد 10 کے قریب تھی تھانے میں‌ داخل ہونے میں کامیاب ہو گئے اور وہاں جا کر تین خودکش حملہ آوروں‌ نے خود کو اڑا لیا، جس کے نتیجے میں 4 اہلکار شہید اور 6 زخمی ہو گئے ہیں، زخمی ہونے والوں‌ کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔ جائے وقوعہ پر امدادی کارکن اور قانون نافذ کرنے والے اہلکار موقع پر پہنچ گئے ہیں اور انہوں نے پورے علاقے کا محاصرہ کر کے تلاشی آپریشن شروع کر دیا ہے۔ ادھر پشاور ہی کے علاقے گلشن کالونی میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے 1 شخص زخمی ہو گیا ہے۔  

دیگر ذرائع کے مطابق پشاور کے تھانہ سی ڈويژن پر شدت پسندوں کے خودکش حملے اور فائرنگ کے نتيجے ميں ايس ايچ او سميت تين پوليس اہلکار جاں بحق اور آٹھ زخمی ہو گئے۔ تاہم سی سی پی او پشاور کے مطابق دو اہلکار جاں بحق اور چھ زخمی ہوئے ہيں۔ پوليس کے مطابق پشاور کے تھانہ سی ڈويژن پر علی الصبح دہشتگردوں نے حملہ کر ديا، جس کے بعد تھانہ سے ملحقہ علاقے دھماکوں اور فائرنگ کی آوازوں سے گونج اٹھے۔ پوليس اور حملہ آوروں کے مابين فائرنگ کا تبادلہ چاليس منٹ سے زيادہ وقت تک جاری رہا۔ حملے ميں آٹھ پوليس اہل کار زخمی ہوئے، جن ميں تين ليڈی ريڈنگ اسپتال ميں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ سی سی پی او پشاور امتياز الطاف کے مطابق دو خودکش حملہ آوروں نے تھانہ سی ڈويژن ميں پوليس مقابلے کے دوران خود کو اڑايا۔ زخمی پوليس اہل کاروں کو ليڈی ريڈنگ اسپتال لايا گیا۔ جہاں چھ زخمی زيرعلاج ہيں جن ميں سے دو کی حالت نازک ہے۔ 

عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کے ساتھ تھانے میں دھماکے کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ عینی شاہدین کے مطابق دہشتگردوں نے دستی بم پھینکے، جس سے عمارت کو بھی نقصان پہنچا۔ پولیس حکام نے علاقے کے تمام تھانوں کی پولیس کو طلب کر لیا اور تھانہ سی ڈویژن کا گھیراو کر لیا، تاہم پولیس کمانڈوز نے ایک گھنٹے کے آپریشن کے دوران حملہ آوروں کو گھیرے میں لے لیا، جس کے بعد تینوں حملہ آوروں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا۔ تین پولیس اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے جبکہ سات اہلکار زخمی ہیں۔ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ پولیس کا آپریشن مکمل ہو گیا ہے۔

اے آئی جی بم ڈسپوزل اسکواڈ پشاور کا کہنا ہے کہ خودکش جیکٹس کسی ماہر نے تیار کیں۔ حملہ آوروں کی عمریں 20 سال سے کم ہیں۔ اے آئی جی شفقت ملک کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے اچھی کوالٹی کا بارود استعمال کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے پاس 5 سے 6 کلو بارودی مواد تھا۔ ان کے مطابق حملہ آوروں نے خودکش جیکٹس پہن رکھی تھیں۔ خودکش حملہ آوروں کی لاشیں تھانے میں پڑی ہیں، تھانے کے قریبی علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ دوسری جانب گلشن کالونی میں بم نصب کرتے ہوئے زخمی ہونے والے شخص کو ہسپتال پہنچا دیا گیا جبکہ اس کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

خبر کا کوڈ : 140388
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش