0
Sunday 26 Feb 2012 17:51

قوم اسلام چاہتی ہے لیکن حکمران اور اسٹیبلشمنٹ اس میں رکاوٹ ہیں، مولانا عبدالغفور حیدری

قوم اسلام چاہتی ہے لیکن حکمران اور اسٹیبلشمنٹ اس میں رکاوٹ ہیں، مولانا عبدالغفور حیدری
اسلام ٹائمز۔جمعیت علماء اسلام ف کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور سینٹ میں اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ بہاولپور میں منعقد ہونیوالی اسلام زندہ کانفرنس اسلامی نظام کے نفاذ میں سنگ میل ثابت ہو گی اور خطے میں اس کے انقلابی ثمرات مرتب ہونگے، برسر اقتدار طبقہ نے کلمہ طیبہ کے نعرے پر بننے والے ملک کی قوم کو مسلسل دھوکے میں رکھا اور اس نعرے سے غداری کی، بہاولپور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان سیکولر نہیں بن سکتا اور نہ ہی بننے دیا جائیگا، ملک میں کانفرنسوں کے انعقاد کا مقصد قوم کو آگاہ کرنا ہے کہ 64 سالوں سے حکمران طبقہ اور اسٹیبلشمنٹ نے قوم کو کلمہ طیبہ کے نعرے سے دور رکھا، انہوں نے کہا کہ قوم اسلام چاہتی ہے لیکن حکمران اور اسٹیبلشمنٹ اس میں رکاوٹ ہیں، حکمران بتائیں کہ بلوچستان میں حالات کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج امریکی کانگرس کے تین لوگ قرارد اد پیش کر رہے ہیں، امریکہ میں تمام ممالک کے لابسٹ موجود ہیں، امریکہ میں پاکستان ناکام نظر آرہا ہے، بلوچستان کے دو لڑکوں نے تین امریکیوں کو اپنا نقطہ نظر بتایا اور انہوں نے قرارداد پیش کر دی، انہوں نے کہا کہ امریکہ نے باگرام ائیر بیس پر قرآن پاک کی بے حرمتی کرکے بہت بڑا جرم کیا ہے، انسانی ہمدردی کے نام پر نیٹو سپلائی بحال کرنیوالے وزیر داخلہ بتائیں کہ وہ نیٹو کو سپلائی بحال کرکے ہمارے مسلمانوں کو شہید کروا رہے ہیں وہ انہیں نظر کیوں نہیں آتا، انہوں نے کہا کہ قرآن کریم کی بے حرمتی اور ڈرون حملے ناقابل معافی جرم ہیں لیکن جب بھی کوئی امریکی پاکستان آئے تو ہمارے حکمران اسے گلدستے پیش کرتے ہیں، مولانا حیدری نے کہا کہ دینی جماعتوں کا مستقبل روشن ہے ،قوم ان لیٹروں سے مایوس ہو چکی ہیں، جنہوں نے 64 سالوں میں ملک کو ترقی دینے کی بجائے کرپشن اور لوٹ مار کی، اب پوری قوم مسیحا کی تلاش میں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دینی جماعتیں ایک بہت بڑی طاقت ہے ہے اور ہماری بھی کوشش ہے کہ دینی جماعتیں ایم ایم اے کے پلیٹ فارم پر متحد ہو جائیں، انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمران امریکہ کے ٹائوٹ بنے ہوئے ہیں اور آج ملکی سلامتی کے اداروں کو دائو پر لگا رہے ہیں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام لسانیت کی بجائے انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کے حق میں ہے، جمعیت علماء اسلام کی جانب سے ملک بھر میں کانفرنسوں کے انعقاد سے وزیراعلیٰ پنجاب بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکے ہیں اور بہاولپور اور لودہراں سے ہمارے بینرز اتارنا شروع کر دئیے گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ 20ویں آئینی ترمیم سے کسی کی ذات کو بجائے سسٹم کو فائدہ پہنچا ہے اور اس سے الیکشن کمیشن مضبوط ہوا ہے، اس موقع پر مولانا عبدالغفور حیدری نے بہاولپور میں اخبارات کے دفاتر پر فائرنگ سے زخمی ہونے والے صحافی اور دیگر صحافیوں پر جھوٹے پرچے درج ہونے کی شدید مذمت کی اور ا س معاملے کو سینٹ میں اٹھانے کی یقین دہانی کروائی۔
خبر کا کوڈ : 141017
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش