0
Sunday 4 Mar 2012 01:15

صدر زرداری ایبٹ آباد آپریشن سے بے خبر تھے، صدارتی ترجمان

صدر زرداری ایبٹ آباد آپریشن سے بے خبر تھے، صدارتی ترجمان
اسلام ٹائمز۔ منصور اعجاز کی طرف سے پاکستانی اداروں کو لڑانے کی ایک اور سازش ناکام ہو گئی ایوان صدر اور جی ایچ کیو دونوں نے امریکی شہری کے بیان کی تردید کر دی۔ ایوان صدر نے کہا ہے کہ دو مئی کی رات اسامہ بن لادن کو ہلاک کرنے کے امریکی آپریشن کی صدر زرداری نے منظوری نہیں دی تھی۔ ایوان صدر سے جاری ہونے والے بیان میں صدارتی ترجمان نو منتخب سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ کچھ میڈیا رپورٹس میں یہ تاثر دیا گیا تھا کہ صدر زرداری نے ایبٹ آباد آپریشن کی منظوری دی تھی اور دو مئی کی رات صدر نے آرمی چیف کو ٹیلیفون کر کے اس سے آگاہ کیا تھا۔ 

صدارتی ترجمان کا کہنا ہے کہ ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں اور یہ بے بنیاد ہیں۔ جبکہ آئی ایس پی آر نے بھی منصور اعجاز کے بیان کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر زرداری اور آرمی چیف جنرل کیانی کے درمیان یکم اور دو مئی کے درمیان کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے ایک بیان میں کہا کہ منصور اعجاز کے بیان میں کوئی صداقت نہیں، آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ایبٹ آباد کمیشن کو دو مئی آپریشن کے حوالے سے پہلے ہی بریفنگ دی جا چکی ہے صدر اور آرمی چیف کے درمیان یکم اور دو مئی کے درمیان کوئی رابطہ نہیں ہوا تھا، عسکری قیادت نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بھی واقعہ پر بریفنگ دی تھی۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر نے میمو کمیشن کے روبرو منصور اعجاز کے اس بیان کی سختی سے تردید کی ہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی سے ایبٹ آباد آپریشن پر کوئی بات نہیں کی تھی۔ صدارتی ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کہا گیا ہے کہ میڈیا میں اس حوالے سے آنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے جنرل کیانی کو ایبٹ آباد میں امریکی آپریشن کے حوالے سے کوئی حکم جاری نہیں کیا تھا۔ دوسری جانب آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری اور آرمی چیف کا یکم اور 2 مئی کی درمیانی شب کوئی رابطہ نہیں ہوا تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق عسکری قیادت نے پارلیمنٹ اور ایبٹ آباد کمیشن کو ایبٹ آباد واقعہ پر بریف کیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 142661
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش