0
Thursday 8 Mar 2012 01:07

قرآن کتاب جہاد، ہدایت اور اتحاد کی علامت ہے، مقررین کا سیمینار سے خطاب

قرآن کتاب جہاد، ہدایت اور اتحاد کی علامت ہے، مقررین کا سیمینار سے خطاب
رپورٹ: نذیر علی ناظر
اسلام ٹائمز۔ گذشتہ متعدد پروگراموں کی طرح ایک بار پھر خانہ فرہنگ ایران لاہور نے امت مسلمہ کے اکابرین کو مشترکہ موضوع پر اظہار خیال کا موقع فراہم کیا۔ جس سے امت کے گلدستے کے رنگ برنگے پھول اپنی اپنی مہک سے ماحول کو معطر کرتے نظر آتے ہیں۔ کچھ اسی طرح کی صورت حال جیل روڈ لاہور پر واقع خانہ فرہنگ ایران کے سبزہ زار کی تھی، جہاں قرآنی تعلیمات کے فروغ اور موجودہ نسل کو قرآن مجید کی مختلف جہتوں سے آشنائی کے لئے ’ ’ قرآن، کتاب بیداری اسلامی،، کے موضوع پر ایک سیمینارکا انعقاد کیا گیا۔ نماز مغرب باجماعت ادا کرنے کے بعد سیمینار کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے کیا گیا۔ پاکستان کے مایہ ناز نعت خوان سید مرغوب ہمدانی نے فارسی اور اردو زبانوں میں حضور نبی کریم سرور کائنات (ص) کے حضور ہدیہ عقیدت پیش کیا۔ 

سابق امیر جماعت اسلامی اور بزرگ سیاستدان قاضی حسین احمد نے سیمینار کے انعقاد پر خانہ فرہنگ ایران کو مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کتاب ہدایت ہے۔ اس کی تعلیمات کے فروغ کے لئے ایسے سیمیناروں اور آگاہی پروگراموں کی اشد ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فقط قرآن پاک ایسا معجزہ ہے جو 1400 سال گزرنے کے باوجود انسانوں کو ہدایت اور بیداری کی طرف بلاتا اوران کی راہنمائی کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قرآن جہاد کی کتاب ہے اور پیغمبر اکرم (ص) نے اپنی ساری زندگی اس کی تعلیمات پرعمل کرتے ہوئے جہاد کیا۔

قاضی حسین احمد نے کہا کہ خدا وند متعال نے اپنی پہلی وحی میں اپنے محبوب کو پڑھنے اور ہدایت کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ عصر حاضر میں اگر انسان قرآن کو اپنی زندگی کامحور قرار دے تو یقینا خودبخود بیدار ہوگا ۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ اسلامی ممالک مصر ،یمن اور بحرین کی بیداری کی لہر اور آگے بڑھے گی۔ بادشاہتوں کا خاتمہ ہوگا۔ عوام کو ان کے حقوق ملیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مسلمان دنیا ئے کفر کے سامنے ڈٹ جائیں تو یقینا کامیابی سے ہمکنار ہوں گے۔

اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن ممتاز عالم دین علامہ افتخارحسین نقوی نے کہا کہ تاریخ شاہد ہے کہ قبل از اسلام انسان جہالت اور نادانی میں زندگی گزار رہا تھا۔ جب رسول خدا (ص ) ان کے لئے اسلام کا تحفہ لائے، ان کو راہ خدا کی ہدایت کی اور بیداری کی طرف رہنمائی کی تو جو لوگ اس پر ایمان لائے وہ کامیاب ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں پر لازم ہے کہ قرآن سے وابستہ ہو کر استعماری طاقتوں کے سامنے ڈٹ کر انہیں برباد کر دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قرآن مسلمانوں کے تمام مکاتب فکر کے درمیان وحدت کی علامت ہے۔ علامہ افتخار حسین نقوی نے زوردیا کہ قرآن مجید کو صرف مردوں کو ثواب کی خاطر نہیں پڑھنا چاہیے۔ بلکہ کتاب خدا کو اپنی زندگیوں کا حصہ بناکر ہم حوادث دنیا کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔

تحریک حسینیہ پاکستان کے سربراہ اور جامعہ منہاج الحسین لاہور کے پرنسپل علامہ محمد حسین اکبر نے قرآنی تعلیمات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید ایک معجزہ ہے جس میںہر دور کے لئے نظام موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام میں واحد ملک ایران ہے جس نے قرآنی تعلیمات کو اپناتے ہوئے اپنے ملک کا آئین تیار کیا اور اسی کی تعلیمات کی روشنی تمام امور سر انجام پا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلمان قرآنی تعلیمات پر عمل کریں تو فرقہ پرستی سے بچ سکتے ہیں۔

ناظم اعلی تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق عباسی نے اپنے خطاب میں اسلامی جمہوریہ ایران کی اسلامی بیداری کے حوالے سے کوششوں کو قابل ستائش قرار دیا ۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالٰی نے انسان کو بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے ان میں سے سب سے اہم قرآن پاک ہے جس میں بار بار انسان کو بیداری کی تاکید فرمائی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج اکثر اسلامی ممالک اپنی جہالت اور غفلت کی وجہ مشکلات اور مصیبتوں میں گھرے ہوئے ہیں۔ جنہیں دوبارہ اپنی سر بلندی کے لئے خواب غفلت سے بیدار ہونا ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم ممالک اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرلیں تو شکست دشمنوں کا مقدر ہو گی۔

سربراہ مرکز اہل سنت،ممبر قرآن بورڈ پنجاب، علامہ احمد علی قصوری نے اظہار خیال کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا کہ دشمن اسلام کے خلاف متحد ہو چکے ہیں لیکن مسلمان ابھی تک خواب غفلت کے مزے لوٹ رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ استعماری قوتوں کی تمام تر کوششیں مسلمان نوجوانوں کو رو ح قرآن سے دور کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے تمام مسلمان ایران کو اپنے لئے مشعل راہ قرار دیں ۔ علامہ احمد علی قصوری نے زور دیا کہ مسلمان قرآن کو اپنی زندگیوں میں پوری طرح شامل کریں تو امت مسلمہ میں بیداری یقینی ہے جو استعماری قوتوں کی شکست ثابت ہو گی۔

سابق رکن قومی اسمبلی، سربراہ اتحاد تنظیمات مدارس دینیہ اور جماعت اسلامی کے رہنما علامہ عبد المالک نے اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے کی تاکید کرتے ہوئے عالم اسلام کی زبوں حالی کے پیش نظر امت مسلمہ کی بیداری کو لازمی امر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جو موج بیداری انقلاب اسلامی کی شکل میں ایران سے اٹھی ہے۔ اسی لئے دشمنان اسلام مسلمانوں کو قرآن سے دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمنوں کو جان لینا چاہئے کہ جب تک امت کے درمیان قرآن اور حدیث موجود ہیں وہ ہمیں کبھی شکست نہیں دے سکتے۔ 

ڈائریکٹر خانہ فرہنگ جمہوری اسلامی لاہور ڈاکٹر عباس فاموری نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سیمینار کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کے درمیان قرآن پاک نقطہ عطف ہے۔ اگر ہم اس کے بنیادی مفاہیم پر غور کریں تو اس نتیجے پر پہنچتے ہیں کہ ہماری آج کی تمام تر ضروریات اور مشکلات کا حل اس کتاب الٰہی کے دل میں موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کو قرآن مجید سے غافل نہیں ہونا چاہئے۔ کیونکہ دشمنان اسلام ہر لمحہ ہمیں اس کتاب سے دور کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں۔ اور اس کے لئے مختلف سازشوں کا جال بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسوسناک بات یہ ہے کہ استعمار ہمیں قرآن سے دور کرنے میں کسی حد تک کامیاب بھی ہوا ہے۔ ڈاکٹر عباس فاموری نے واضح کیا کہ سیمینار کا مقصد مختلف مکاتب فکر کے علما اور سکالرز کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا ہے تا کہ ان کے درمیان پائے جانے والے اختلافات سے نجات پائی جا سکے۔ 

اس سیمینار میں تمام مکاتب فکر اور یو نیورسٹی سکالرز کو تحقیقی مقالہ لکھنے کی دعوت دی گئی اور بہترین مقالہ نویسوں کو انعامات بھی دیئے گے۔ قرآن فاﺅنڈیشن پاکستان کے تعاون سے قرآن مجید کے نادر نسخوں کی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا۔ جو 10۔ مارچ تک جاری رہے گی۔ وفاقی وزیر اوقاف پنجاب احسان الدین قریشی، قونصلر جنرل ایران بنی اسدی اور ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ جمہوری اسلامی ایران لاہور ڈاکٹر عباس فاموری نے نمائش کا افتتاح کیا۔
خبر کا کوڈ : 143814
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

متعلقہ خبر
ہماری پیشکش