0
Friday 9 Mar 2012 15:06

نئی دہلی میں علیحدگی پسند قیادت کے مابین مشاورت کا امکان

نئی دہلی میں علیحدگی پسند قیادت کے مابین مشاورت کا امکان
اسلام ٹائمز۔ ممکنہ دورہ پاکستان سے قبل نئی دہلی میں علیحدگی پسند کشمیری قیادت کے مابین مشاورت کا امکان ہے، کیونکہ پاکستانی سفارتخانہ نے کشمیری علیحدگی پسند لیڈران، صحافیوں اور حقوق انسانی کارکنان کو یوم پاکستان تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ جن میں میرواعظ عمر فاروق، سید علی شاہ گیلانی، محمد یاسین ملک، شبیر احمد شاہ، پروفیسر عبدالغنی بٹ، مولوی عباس انصاری، بلال غنی لون، مختار احمد وازہ، نعیم احمد خان، آغا سید حسن، فاروق احمد ڈار اور جاوید احمد میر کے علاوہ محبوس لیڈران مسرت عالم بٹ اور ڈاکٹر محمد قاسم فکتو بھی شامل ہیں۔ 
 
واضح رہے کہ یوم پاکستان ہر سال 23مارچ کو منایا جاتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق نئی دہلی میں قائم پاکستانی سفارتخانہ نے 23مارچ کو منائے جانے والے یوم پاکستان کے حوالے سے نئی دہلی میں قائم پاکستانی سفارتخانہ میں بھی ایک تقریب کا اہتمام کیا ہے، جس میں شرکت کیلئے حریت کانفرنس کے دونوں دھڑوں اور دیگر علیحدگی پسند تنظیموں کے لیڈران کو دعوت نامے ارسال کئے گئے ہیں۔ معلوم ہوا کہ دہلی میں مقیم پاکستان کے سفیر شاہد ملک کی عدم موجودگی میں ان کے نائب نے حریت کانفرنس (ع) کے چیرمین میرواعظ عمر فاروق، دلی میں مقیم حریت (گ) چیرمین سید علی شاہ گیلانی، لبریشن فرنٹ چیرمین محمد یاسین ملک، فریڈم پارٹی سربراہ شبیر احمد شاہ اور حریت کانفرنس (ع) کے سینئر لیڈران پروفیسر عبدالغنی بٹ، بلال غنی لون، مولوی عباس انصاری اور ظفر اکبر بٹ کے علاوہ دیگر لیڈران کو بھی دعوت نامے ارسال کردئیے ہیں۔ 

اس کے علاوہ حریت کانفرنس (گ) کی مجلس شوریٰ کے ممبران کو بھی علیحدہ طور پر دعوت نامے ارسال کئے گئے۔ جن دیگر علیحدگی پسند لیڈران اور دیگر افراد کو پاکستانی سفارتخانہ کی طرف سے یوم پاکستان کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے ان میں فضل الحق قریشی، محمد رفیق گنائی، محبوس علیحدگی پسند لیڈر مسرت عالم بٹ اور محمد قاسم فکتو کے علاوہ غلام احمد گلزار، بشیر احمد طوطا اور زمرودہ حبیب مقامی حقوق انسانی کارکن محمد احسن اونتو بھی شامل ہیں۔ ان کے علاوہ بھی دیگر کئی علیحدگی پسند لیڈران اور سرگرم کارکنوں کے علاوہ سول سوسائٹی سے وابستہ دیگر کئی افراد کو بھی دعوت نامے ارسال کئے گئے ہیں۔

اس دوران معلوم ہوا کہ یوم پاکستان کی تقریب کے موقعہ پر نئی دہلی میں قائم پاکستانی سفارتخانہ میں علیحدگی پسند لیڈران کے مابین ایک مشاورت یا خصوصی میٹنگ کی کوششیں کی جارہی ہے تاکہ دورہ پاکستان سے قبل کشمیری علیحدگی پسند لیڈرز کے درمیان اتحاد و اتفاق کی کوششوں کا ازسر نو آغاز کیا جاسکے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس اہم ترین میٹنگ یا مشاورت میں سید علی شاہ گیلانی اور میرواعظ عمر فاروق کے علاوہ دیگر سینئر علیحدگی پسند لیڈران کو شامل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ واضح رہے گذشتہ برس پاکستانی سفارتخانہ میں یوم پاکستان کی تقریب میں شرکت کیلئے کئی مین اسٹریم لیڈران بشمول سینئر نائب صدر پی ڈی پی مولوی افتخار انصاری اور ممبر اسمبلی لنگیٹ انجینئر رشید کو بھی دعوت دی گئی تھی اور ان مین اسٹریم لیڈروں نے سال گذشتہ کی یوم پاکستان تقریب میں علیحدگی پسند لیڈران کے شانہ بشانہ بنفس نفیس شرکت کی تھی۔ تاہم امسال کسی مین اسٹریم لیڈر کو یوم پاکستان کی تقریب میں شرکت کی دعوت دئیے جانے کے حوالے سے ابھی تک کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔
خبر کا کوڈ : 143952
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش