0
Friday 9 Mar 2012 02:23

25 مارچ کو آزاد پاکستان کانفرنس میں اپنے منشور کا اعلان کریں گے، ثروت اعجاز قادری

25 مارچ کو آزاد پاکستان کانفرنس میں اپنے منشور کا اعلان کریں گے، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ ملک دشمن ہر سازش کو یکجہتی سے ناکام بنا دیں گے۔ میمو گیٹ، بلوچستان علیحدگی اور سندھ کو تقسیم کرنے کی باتیں ملک کو کمزور کرنے کے مترادف ہیں اور یہ سب کس کے اشارے پر چل رہا ہے عوام کو سب سمجھ میں آچکا ہے پاکستان سنی تحریک نے اپنے وجود کے قیام سے لے کر آج تک ملک کی بقاء و سالمیت اور اسلام کی سر بلندی کے لیے قربانیاں دیں۔ پاکستان ہمارے اکابرین، علما و مشائخ نے ملک بنانے کے لیے لاکھوں جانوں کے نذرانے پیش کیے اور آج یہ ملک اپنی حفاظت کا تقاضہ کر رہا ہے جس کے لیے ہم اپنے آباؤ اجداد کی قربانیوں کو سربلند کرنے کے لیے اور ملک کی حفاظت کے لیے خون کا آخری قطرہ تک بہا دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر کارکنان کی بڑی تعداد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک ملک کو کرپشن، بیرونی مداخلت، دہشت گردی اور سودی مالیاتی نظام سے پاک کرنا چاہتی ہے اسی لیے 25 کو مارچ مینار پاکستان لاہور پر آزاد پاکستان کانفرنس کرکے عوام میں شعور بیدار کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک اندرونی اور بیرونی خطرات سے دوچار ہے مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی نے ملک کو کھوکھلا کردیا ہے، اب ملک کو بچانے کے لیے عوام نے آگے آنا ہوگا کسی دباؤ اور دھمکی میں آئے بغیر اپنے ووٹ کی طاقت کا استعمال کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جبر، دھونس دھمکی سے ووٹ لینے والوں نے آج ملک کو نازک دوراہے پر لاکھڑا کیا ہے، پاکستان کو بچانے کے لیے ہر محب وطن نے قربانی دینا ہوگی اور ملک کو بچانے کے لیے بہترین راستہ جمہوری و آئینی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام اپنے ووٹ کے فرض کی اہمیت کو سمجھیں، 65 فیصد خاموش عوام جو اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کرتی ان کا پورا فائدہ وہ قوتیں اٹھاتی ہیں جو ہر حال میں اقتدار سے چپکے رہنا چاہتیں ہیں اور ان قوتوں نے 64 سالوں میں آج تک عوام اور ملک کے لیے خاطر خواہ نتائج نہیں دیئے جو کہ افسوسناک عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک 25 مارچ کو ’’ آزاد پاکستان ‘‘ کانفرنس میں اپنے منشور کا اعلان کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 144087
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش